پاکستان ہمارے دلوں کے قریب ہے، تعلقات کو مزید ترقی دینا چاہتے ہیں، شیخ عبداللہ بن زاید النہیان

پیر 21 اپریل 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم شیخ عبداللہ بن زاید النہیان 2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں جہاں وہ وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔

پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کا دفتر خارجہ میں استقبال کیا اور انہیں پاکستان میں خوش آمدید کہا۔

یہ بھی پڑھیے: متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدے طے پاگئے

شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے پاکستان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور ہوا بازی سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اسحاق ڈار سے ملاقات میں انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات تیزی سے ترقی کر رہے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ پچھلے ایک سال کے دوران دوطرفہ معاملات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے کہا کہ پاکستان ہمارے دلوں کے قریب ہے، دونوں ممالک کے رہنما اور عوام اس تعلق کو مزید ترقی دینا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان قدیم بھائی چارے کے تعلقات ہیں اور ان کے عوام کے درمیان محبت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے دونوں ممالک کے مفاد اور بہبود کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔

اس موقع پر ایک تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

دونوں نائب وزرائے اعظم نے ثقافت کے شعبے میں تعاؤن اور قونصلر امور کے لیے مشترکہ کمیٹی کے قیام کی یادداشت پر دستخط کیے۔

یہ بھی پڑھیے: متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

اس کے علاوہ مشترکہ بزنس کونسل کے قیام کی یاددات پر بھی دستخط ہوئے۔

نائب وزیراعظم شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کے دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی کے شعبے میں تعاون، علاقائی سلامتی اور لوگوں کے درمیان روابط کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

یہ دورہ دونوں جانب کے نمائندوں کو باہمی دلچسپی اور تشویش کے علاقائی و عالمی صورتحال پر اپنے خیالات کے تبادلے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔

وزارت خارجہ کے پریس ریلیز کے مطابق ہزہائینس شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کا یہ دورہ پاکستان اور یو اے ای کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور متنوع شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا، جس کا فائدہ دونوں ممالک کے عوام کو ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp