ملک بھر میں کہیں بارش تو کہیں آندھی۔ رات میں مزید بادل برسیں گے۔ کشمیر سمیت پہاڑی علاقوں میں بارش کا امکان۔ مری اور گلیات میں ٹھنڈی ہوائیں چلیں گی۔ بلوچستان میں موسلادھار بارش جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں بارشوں کا نیا سپیل جاری ہے۔ جس کے تحت پنجاب میں لاہور سمیت ملحقہ علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بہاولپور، رحیم یار خان، ملتان، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کا امکان ہے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سمیت کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
مری اور گلیات کا موسم قدرے ٹھنڈا رہے گا تاہم شام کے وقت ہلکی بوندا باندی ہوگی۔ موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ پشاور سمیت چترال، دیر، سوات، کالام اور ایبٹ آباد میں بادل برسیں گے۔ کراچی، حیدرآباد، سکھر اور شہید بے نظیر آباد میں آندھی کا امکان ہے۔