وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے قومی عوامی تحریک سندھ کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو کو ٹیلیفون کیا ہے، اور دریائے سندھ سے کینالز نکالنے کے معاملے پر پیدا شدہ صورت حال پر بات کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رانا ثنااللہ نے ایاز لطیف پلیجو سے کہاکہ وزیراعظم آپ سے ملنا چاہتے ہیں، اور بات چیت کے ذریعے کینالز کا مسئلہ حل کرنا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں کینالز تنازع پر ن لیگ پیپلزپارٹی آمنے سامنے، کیا پی ٹی آئی کا پی پی پی سے اتحاد ہو سکتا ہے؟
رانا ثنااللہ نے کہاکہ اگر مختلف جماعتوں کا وفد بنایا جائےگا، تو اس سے بھی بات چیت ہو سکتی ہے۔
اس موقع پر ایاز لطیف پلیجو نے کہاکہ حکومت دریائے سندھ سے کینالز نکالنے کا فیصلہ فوری واپس لے تو بات چیت ہو سکتی ہے، اس وقت اس معاملے پر سندھ میں بہت غصہ اور بے چینی ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت نے کینالز بنانے کا فیصلہ کرکے سندھ کے ساتھ ناانصافی کی، سیاسی جماعتوں کا مشترکہ فیصلہ ہے کہ کوئی بھی بات چیت کرنے سے قبل حکومت کینالز نکالنے کا فیصلہ واپس لے۔
واضح رہے کہ دریائے سندھ سے کینالز نکالنے کے معاملے پر سندھ بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے بھی اس معاملے پر مزاحمت کی جارہی ہے، اور وفاقی حکومت کو دوٹوک الفاظ میں کہا گیا ہے کہ اگر یہ منصوبہ ختم نہ کیا گیا تو حمایت سے دستبردار ہو جائیں گے۔
دوسری جانب وفاقی اور پنجاب حکومت کا مؤقف ہے کہ ہم سندھ کے حصے کا پانی ہر گز نہیں لینا چاہتے، آئینی و قانونی طور پر جو معاملات طے ہیں ان پر آگے بڑھنا چاہتے ہیں، لیکن اس کے باوجود معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائےگا۔
یہ بھی پڑھیں متنازع کینالز منصوبہ: نواز شریف اور شہباز شریف کی پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور صدر پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف نے اس معاملے پر پاکستان پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔