مقبوضہ کشمیر: نامعلوم افراد کا سیاحتی مقام پر حملہ، 27 افراد ہلاک

منگل 22 اپریل 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کم از کم 27 افراد ہلاک ہوگئے ہیں، جبکہ متعدد زخمی ہیں، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں مقبوضہ کشمیر کا بچھڑا خاندان اپنے عزیزوں سے ملنے کو بے تاب

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کم از کم 27 افراد ہلاک ہوگئے، جب کہ متعدد زخمی ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ حملہ آور پولیس کی وردی میں تھے، جن کی تعداد 2 سے 3 تھی۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔ مرنے والوں میں سے زیادہ کا تعلق بھارتی ریاست گجرات اور کرناٹکا سے ہے۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہاکہ کئی برسوں بعد مقبوضہ کشمیر میں بڑا حملہ ہوا ہے، اب اس بات کا تعین کیا جا رہا ہے کہ کتنے افراد کی ہلاکت ہوئی اور کتنے زخمی ہیں۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے وزیر داخلہ امیت شاہ کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کرتے ہوئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق امیت شاہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے سری نگر روانہ ہو گئے ہیں، وہ تمام ایجنسیوں کے ساتھ فوری سیکیورٹی جائزہ اجلاس منعقد کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں مقبوضہ کشمیر میں دکانوں سے جماعت اسلامی کی سینکڑوں کتب ضبط کر لی گئیں

یہ بھی واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب امریکا کے نائب صدر جی ڈی وانس بھارت میں موجود ہیں، جنہوں نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے حملے کی مذمت کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp