پہلگام حملے کے بعد پیدا ہونے والی پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کی جانب سے بھارت پر جوابی پابندیوں نے بھارتی ایئر لائنز میں بھونچال پیدا کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں:پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارت کا ایک اور مذموم منصوبہ بے نقاب
گزشتہ روز قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد تقریباً شام 6 بجے پاکستانی فضائی حدود بھارتی طیاروں کے لیے حدود بند کر دی گئی تھی، جس کے ساتھ ہی بھارتی ائیر لائنز کو ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے اس فیصلے کے نتیجے میں بھارتی ائیرلائنز کو طویل دورانیہ کی پروازیں مختلف ملکوں کے متبادل ایئر پورٹس پر اتارنا پڑیں، جبکہ کئی کو اپنا رُخ موڑنا پڑ گیا۔
فضائی حدود میں پابندی کے نافذ کے وقت شارجہ سے بھارتی ایئر لائن انڈیگو ایئر کی پرواز 6 ای 1428 ایران میں تربت کے قریب پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے والی تھی مگر نوٹم جاری ہونے کے بعد پرواز کا رخ موڑ دیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی طیارہ خلیج آف عمان کے اوپر سے گزر کر اضافی فیول کے لیے احمد آباد ایئرپورٹ پر اترا۔
یہ بھی پڑھیں:دہشتگردوں اور خوارج کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹے کا فیصلہ، قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری
دوسری طرف ٹورنٹو سے ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی 190 کو بھی ری فیولنگ اور عملے کے ریسٹ کیلئے کوپن ہیگن اتار لیا گیا۔ جب کہ پیرس سے ایئر انڈیا کی نئی دہلی کی پرواز اے آئی 148 کو ری فیولنگ کے لیے ابوظہبی اتارا گیا۔ اسی طرح لندن سے ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی 162 کو بھی ابوظہبی ائیرپورٹ لینڈ کرایا گیا۔