پاکستان میں منکی پاکس کے دونوں مریض صحت یاب ہوگئے ہیں اور وفاقی وزارت صحت کے حکام نے اس کی تصدیق بھی کر دی ہے۔
وفاقی وزارت صحت کے حکام نے بتایا کہ پمز اسپتال میں زیر علاج منکی پاکس کا مریض ڈسچارج کردیا گیا ہے جبکہ گھر میں قرنطینہ ہونے والا مریض بھی صحت یاب ہو گیا ہے۔
حکام کے مطابق منکی پاکس کے دونوں صحت یاب ہونے والے اشخاص بیماری آگے نہیں پھیلا سکتے۔
ماہرین متعدی امراض نے بتایا ہے کہ پاکستان میں اس وقت چکن پاکس کے بہت زیادہ کیسز سامنے آ رہے ہیں اور ان کیسز کو اس وقت منکی پوکس تصور کیا جارہا ہے۔
ماہرین متعدی امراض کے مطابق وفاقی وزارت صحت کو چکن پاکس کے بڑھتے ہوئے کیسز کا نوٹس لینا چاہیے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل میں پاکستان میں منکی پاکس کے 2 کیسز سامنے آئے تھے جن میں سے ایک مریض پمز اسپتال میں زیر علاج تھا جب کہ دوسرے نے گھر پر ہی خود کو قرنطینہ کیا ہوا تھا۔
دوسری جانب لاہور میں منکی پاکس کے 2 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور دونوں مریض جنرل اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
اسپتال انتظامیہ نے بتایا ہے کہ ایک خاتون اور ایک مرد میں منکی پاکس کی کچھ علامات سامنے آئی ہیں۔
منکی پاکس کی علامات
منکی پاکس مرض کی علامات میں انسان کو سردرد، بخار، سوجن، کمر میں درد، پٹھوں میں درد اور کوئی بھی چیز کھانے کا دل نہ کرنا شامل ہیں۔
منکی پاکس کی ایک علامت یہ بھی ہے کہ آپ کے جسم پر دانے نکل آئیں گے جو اکثر چہرے سے شروع ہو تے ہیں اور پھر پورے جسم پر پھیل جاتے ہیں۔