شمالی وزیرستان آپریشن میں ہلاک خوارج کی پشت پناہی بھارت کررہا تھا، وزیرداخلہ

اتوار 27 اپریل 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ہلاک ہونے والے خوارج کی پُشت پناہی بھارت کررہا تھا، سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم ملک کے خلاف تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے، بھارت نے کوئی بھی حرکت کی تو اس کا جواب ملے گا۔

لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 26 اور 27 مئی کی درمیانی رات کو ہمیں اطلاع ملی کہ خوارج کا ایک بڑا لشکر افغانستان سے پاکستان میں داخل ہوا ہے، خوارجی شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل سے پاکستان میں داخل ہورہے تھے، سیکیورٹی فورسز نے  ٹریپ کرنے کے لیے خوارج کو آگے آنے دیا تاکہ پورے کا پورا لشکر ایک جگہ آئے اور وہ بھاگ نہ سکیں، ہمارے جوانوں نے 3 اطراف سے گھیر کر 54 خوارج کو ہلاک کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک افغان سرحد پر خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام، سیکیورٹی فورسز نے 54 دہشتگرد ہلاک کردیے

وزیرداخلہ نے کہا کہ یہ موجود دنوں میں آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج کی سب سے زیادہ تعداد ہے، اتنی زیادہ تعداد میں خوارجی کبھی ہلاک نہیں ہوئے، ہمارے پاس کافی دنوں سے معلومات تھیں کہ خوارج کے بیرونی آقا ان پر زور ڈال رہے ہیں کہ وہ پاکستان میں گھسیں اور دہشتگردی کی کوئی کارروائی کریں، ہم نے ان معلومات کی بنیاد پر بارڈر پر سختی اور چیکنگ بڑھا دی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا کی ایک اور آئی ای ڈی ہم نے پکڑی ہے جو اب 8 ہوگئی ہیں، انڈیا جو بھی وہ اسٹیپ لے رہا ہے وہ کہیں نہ کہیں پکڑا جارہا ہے،  یا انٹرسیپٹ ہورہا ہے، فتنہ خوارج پر بھی وہیں ( بھارت ) سے زور ڈالا جارہا تھا کہ پاکستان میں داخل ہوکر دہشتگردی کریں۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 8 خوارجی دہشتگرد ہلاک

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایس پی آر نے جو تصاویر شیئر کیں ہیں ان میں ان 54 دہشتگردوں کی لاشیں پڑی ہوئی دیکھی جاسکتی ہیں، اور یہ دنیا کے لیے بہت بڑا ثبوت ہے کہ کوئی تو ان دہشتگردوں کی پشت پناہی کررہا ہے، ان کا کوئی تو مقصد ہے، اس واقعے کے بعد ہم اور زیادہ پُریقین ہوگئے ہیں کہ پاکستان کو کس کی وجہ سے نقصان پہنچ رہا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ اس کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو آج خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، اگر خوارج نے پاکستان میں داخلے کی کوشش کی تو ایسا ہی جواب ملے گا، ہماری کامیابیوں کوڈی ریل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، کچھ عرصے سے دہشتگردوں کے پاؤں اکھڑ گئے ہیں، یہ دوبارہ داخلے کی کوشش کریں گے تو ہم دوبارہ پکڑیں گے اور انہیں ماریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ اسماعیل خان: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن 9 خارجی ہلاک

وزیرداخلہ نے کہا کہ ہم ملک کے خلاف تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے، بھارت نے کوئی بھی حرکت کی تو اس کا بھرپور جواب ملے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp