ڈیرہ اسماعیل خان: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن 9 خارجی ہلاک

پیر 7 اپریل 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سیکیورٹی فورسز کا ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے تکواڑہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں سرکردہ خارجی لیڈر شیریں سمیت 9 خوارج ہلاک۔ مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مؤثر کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں سرکردہ خارجی لیڈر شیرین سمیت 9 خوارج مارے گئے۔ ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا: مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 11 خارجی دہشتگرد ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق خارجی لیڈر شیریں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں اور کئی بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کے علاوہ 20 مارچ کو شہید ہونے والے کیپٹن حسنین اختر کی شہادت کا ذمہ دار بھی تھا۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ آپریشن کے نتیجے میں گھناؤنے فعل کا بدلے لیتے ہوئے مرکزی مجرم کو انصاف کے کٹہرے میں لایا گیا۔ علاقے میں کسی ممکنہ خارجی کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا۔

دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری رہیں گی، صدر مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کامیاب آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 9 خوارج کو ہلاک کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

صدر مملکت نے انٹیلیجنس پر مبنی کاروائیوں کے دوران ہائی ویلیو ٹارگٹ سمیت فتنۃ الخوارج کے 9 دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا اور سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی۔

 صدر مملکت نے کہا کہ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے سرغنہ کو ہلاک کرنا سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے، دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔  پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کا دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کامیاب کارروائیاں کرنا خوش آئند ہے۔

مزید پڑھیں: ڈیرہ اسماعیل خان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی 10 خارجی دہشتگرد ہلاک، کیپٹن حسنین اختر شہید

صدر مملکت نے مزید کہا کہ دہشتگرد عناصر کے خاتمے اور ملکی دفاع کے لیے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔ صدر مملکت نے فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار بھی کیا۔

ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے تکواڑا میں فتنتہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کی ستائش کی ہے اور آپریشن میں دہشتگردوں کے مطلوب سرغنہ سمیت 9 خوارجی دہشتگردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp