الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی کو یکم مئی کی ریلی نکالنے کے اعلان پر نوٹس بھیج دیا ہے اور ریلی منسوخ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ریلی کا اعلان ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے کیوں کہ پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات شیڈولڈ ہیں۔
نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کے جلسے، جلوسوں اور ریلیوں کے لیے ضلعی انتظامیہ سے اجازت نامہ لینا ضروری ہے۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ کوئی بھی سیاسی جماعت یا امیدواران اسمبلی اس بات کے پابند ہیں کہ وہ ریلی نکالنے یا جلسہ کرنے کے حوالے سے انتظامیہ کو آگاہ کریں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے نوٹس چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے نام پر جاری کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے یکم مئی کو لاہور میں ریلی نکالنے کااعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ہم ریلی میں فوری انتخابات کرانے کا مطالبہ کریں گے۔
الیکشن کمیشن کا نوٹس غیر قانونی ہے: تحریک انصاف کا ردعمل
دوسری جانب الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس پر تحریک انصاف کا رد عمل بھی سامنے آ گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے تحریک انصاف کو جاری کیا گیا نوٹس حیران کن ہے۔
https://twitter.com/FawadPTIUpdates/status/1652687248121290752?s=20
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یوم مزدور کے موقع پر چھٹی کا مقصد اپنے مزدوروں کے ساتھ کھڑا ہونا ہے اور اس مقصد کے لیے تمام سیاسی جماعتیں تقریبات کا انعقاد بھی کرتی ہیں۔ الیکشن کمیشن کیسے کہہ سکتا ہے کہ ہم ریلی نہیں نکال سکتے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ملک میں انتخابات کرانے کے علاوہ باقی سارے کام کرنا چاہ رہا ہے اور ہر عمل سے یہ ثابت کیا جا رہا ہے کہ وہ غیر جانبدار نہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں کوئی جمہوریت نہیں۔ ہم چیف الیکشن کمیشن کو لکھ رہے کہ یہ نوٹس غیر قانونی ہے اس لیے اسے فوری واپس لیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم مزدوروں کے حقوق کے لیے باہر نہیں نکل سکتے تو پھر کب اور کیسے اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکتے ہیں۔