بھارت نے ہمارے پانی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی تو اسے جنگ تصور کریں گے، اسحاق ڈار

منگل 29 اپریل 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت نے ہمارے پانی کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ کی تو اسے جنگ تصور کریں گے، دوست ممالک کو بھی بتا دیا ہے کہ کسی بھی گڑ بڑ کی صورت میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیا جائےگا۔

یہ بھی پڑھیں بھارت پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں ملوث، فوجی ترجمان نے ثبوت پیش کردیے

سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پانی 25 کروڑ عوام کی زندگی کا مسئلہ ہے جس پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہماری جانب سے پہل نہیں کی جائےگی، لیکن اب بھارت نے کچھ کیا تو منہ توڑ جواب دیں گے، ڈوزیئر تیار ہو رہا ہے جو دنیا کو پیش کیا جائےگا کہ بھارت کیسے پانی کو روک رہا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہاکہ بھارت ہر واقعے کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہراتا ہے، اور پہلگام حملے کے بعد بھی ایسا ہی کیا گیا، حالانکہ ہمارا اس سے کوئی لینا دینا نہیں۔

نائب وزیراعظم نے کہاکہ قومی سلامتی کے مسئلے پر سب نے سیاست کو ایک طرف رکھا، جو خوش آئند ہے، ایوان بالا سے قرارداد کا متفقہ طور پر پاس ہونا یکجہتی کا ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیں پہلگام واقعہ: پاکستان کے خلاف مہم جوئی سے انکار پر بھارتی فوج کے جنرل کی چھٹی

انہوں نے کہاکہ پاکستان حق خودارادیت کےحصول تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھےگا۔ ہم نے پہلگام واقعہ کی غیرجانبدارانہ تحقیقات میں مکمل تعاون کی پیشکش کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp