بھارت پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں ملوث، فوجی ترجمان نے ثبوت پیش کردیے

منگل 29 اپریل 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشتگردی کرانے کے ثبوت پیش کردیے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت کے پاکستان پر دہشتگردی سے متعلق الزامات بے بنیاد ہیں، پہلگام حملے کو 7 روز ہوگئے اور ابھی تک وہاں پر صرف زبانی جمع خرچ کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں پہلگام واقعہ: پاکستان کے خلاف مہم جوئی سے انکار پر بھارتی فوج کے جنرل کی چھٹی

انہوں نے کہاکہ بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کو آپریٹ کرتا ہے، 25 اپریل کو بھارتی تربیت یافتہ ایک دہشتگرد جہلم بس اڈے سے پکڑا گیا۔ گرفتار شخص مجید کے گھر سے بھارتی ڈرون اور ڈھائی کلو بارودی مواد برآمد ہوا، جبکہ 10 لاکھ روپے کیش بھی ملے۔

انہوں نے کہاکہ گرفتار شخص کے موبائل فون سے بھارت میں ہونے والی گفتگو پکڑی گئی، ہمارے پاس بھارت کے خلاف ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، بھارت دہشتگردوں کو اسلحہ سمیت دیگر سہولت کاری بھی فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ گرفتار شخص کی بھارتی فوج کے صوبیدار سے ہونے والی گفتگو پکڑی گئی، جس میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے پریس کانفرنس کے دوران بھارتی فوج کے آفیسر کی دہشتگرد سے ہونے والی گفتگو بھی سنائی جس میں وہ پاکستان میں موجود دہشتگرد کو ہدایات دے رہا ہے۔ اور کہہ رہا ہے کہ پاکستان میں لوگوں کی لاشیں چاہیے، ایسی کارروائی کرو کہ میڈیا پر رپورٹ ہو اور نظر آئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں دکھایا کہ بھارت فوج کا آفیسر پاکستان میں موجود دہشتگرد کو ویڈیو پر تربیت دے رہا ہے، اور بتا رہا ہے کہ ڈیوائس کیسے استعمال کرنی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بریفنگ میں اسکرین پر مزید دہشتگردوں کی تفصیلات بھی بتائیں، اور کہاکہ 4 کردار اس سیل کو چلا رہے ہیں، جس میں حاضر سروس میجر سندیب ورما جس کی شناخت (سمیر) کے نام سے ہے وہ غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر میں تعینات ہے، اس کے علاوہ صوبیدار سخوندر، حوالدار امت اور بھارتی فوج کے یونیفارم میں ایک اور شخص بھی موجود ہیں۔ پکڑے جانے والے دہشتگرد مجید نے پاکستان میں دہشتگردی کی 47 کارروائیاں کی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کی جانب سے آئی ای ڈیز ڈرون کے ذریعے بھیجی جاتی ہیں، ثبوت سامنے آگئے ہیں کہ کس طرح بھارت پاکستان میں شہریوں اور فوج پر حملوں کے لیے دہشتگردوں کو بارود فراہم کررہا ہے۔

’پریس بریفنگ میں بھارتی فوج کے آفیسر اور دہشتگرد کے درمیان ہونے والی گفتگو میں بھارتی فوج کا آفیسر کہتا ہے کہ میں نے بلوچستان سے لے کر لاہور تک دہشتگردی کرنی ہے، پھر اس کے لیے وہ دہشتگرد کو ہدایات دیتا ہے۔‘

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کی جانب سے دہشتگرد کو رقم فراہم کرنے کی تفصیلات بھی بتائیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 22 نومبر کو بھارتی فوجی آفیسر نے دہشتگرد مجید کو بم کے حصول کے لیے ہیڈ مرالہ کی لوکیشن بتائی، دہشتگرد نے اس جگہ سے تباہ شدہ ڈرون اور آئی ای ڈی حاصل کی، 30 نومبر کو عبدالمجید نے جلالپور جٹاں میں آئی ای ڈی فوجی گاڑی پر لگائی جس سے 4 جوان زخمی ہوئے، دہشتگرد کو ٹاسک مکمل ہونے پر 6 لاکھ 56 ہزار روپے ملے، جس کا ثبوت موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ میجر سکھویندر نے 18 مارچ کو کوٹلی کے قریب آئی ای ڈی کی لوکیشن فراہم کی، 19مارچ کو کوٹلی کے قریب اس مشکوک بیگ کی اسکول کے بچوں نے نشاندہی کی، آرمی یونٹ نے کوٹلی کے قریب مشکوک بیگ سے بم برآمد کیا۔

انہوں نے مزید کہاکہ 22اپریل 2025 کو سکھویندر نے ندالہ کے قریب آئی ای ڈی کی ڈیلیوری کی، 23 اپریل کو سکھویندر نے دہشت گرد کو بس اسٹینڈ پر بم حملےکا ٹاسک دیا۔

یہ بھی پڑھیں پہلگام فالس فلیگ آپریشن: بھارتی جنگی جنون کے باعث مقبوضہ کشمیر کے عوام ظلم و جبر کا شکار

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہاکہ دراصل بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے پیچھے ان کا کنٹرولڈ میڈیا اور سوشل میڈیا ہے، جس کی جھلک ابھی بھی سب دیکھ رہے ہیں کہ دہشتگردی کا واقعہ کرو اور پھر اس کو مزید اچھالو تاکہ دنیا کو یہ بتایا جائے کہ پاکستان میں دہشتگردی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp