پاکستان شاہینز کرکٹ سیریز کے لیے زمبابوے روانہ

پیر 1 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان شاہینز کرکٹ سیریز کے لیے زمبابوے روانہ ہو گئی ہے، سیریز 3 سے 27 مئی تک زمبابوے میں کھیلی جائے گی۔

پاکستان شاہینز کی ٹیم عمران بٹ کی زیر قیادت 2 چار روزہ اور 6 پچاس اوورز میچز کی سیریز کھیلنے اتوار کی شب زمبابوے روانہ ہوئی۔ سیریز 3 سے 27 مئی تک زمبابوے  کے تین مختلف شہروں ہرارے، کویکوے اور ماتورے میں کھیلی جائے گی۔

پاکستان شاہینز نے روانگی سے قبل محمد حنیف ہائی پرفارمنس سینٹر میں 11 روزہ کیمپ اور دو دن 28 اور 29 اپریل کو لاہور میں نیشنل اکیڈمی کے دو روزہ کیمپ میں حصہ لیا۔

دورہ زمبابوے کے لیے اسکواڈ میں 16 کھلاڑی اور چار ریزرو کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ اسکواڈ کی نمائندگی کرنے والے عمران بٹ ساتویں کھلاڑی ہیں، جو اس مرتبہ پاکستان شاہینز کی نمائندگی کررہے ہیں۔ اس سے قبل حسین طلعت، کامران غلام، میر حمزہ، محمد علی، شاہنواز دہانی، صائم ایوب پاکستان شاہینز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

زمبابوے روانگی سے قبل کپتان پاکستان شاہینز عمران بٹ کا کہنا تھا کھلاڑیوں نے اہم سیریز کی تیاری کے لیے کافی محنت کی ہے۔ ’کھلاڑیوں نے تربیتی کیمپ میں بھرپور حصہ لیا ہے۔ ٹیم میں تجربہ کار نوجوان کھلاڑی شامل ہیں۔ تمام کھلاڑی زمبابوے میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پرجوش ہیں۔‘

پاکستان شاہینز کے اسکواڈ میں کپتان عمران بٹ، نائب کپتان حسین طلعت، عامر جمال، عبدالواحد بنگلزئی، حسیب اللہ، کامران غلام، مہران ممتاز، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، مبصر خان، عمیر بن یوسف، قاسم اکرم، وکٹ کیپر روحیل نذیر، شاہنواز دہانی، صائم ایوب، آصف محمود، اطہر محمود، سعد خان اور وقار احمد شامل ہیں۔

پی سی بی کا جاری کردی میچز کا شیڈول

دورہ زمبابوے کے دوران پہلا 4 روزہ میچ کویکوے میں دوسرا ماتارے میں کھیلا جائے گا جب کہ دیگر 50 اوورز پر مشتمل 6 میچز ہرارے اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp