وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللّٰہ نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے کوئی بھی پیش قدمی کی تو اسے اس کا سخت نقصان اٹھانا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم متحد ہے اور دشمن کو ہر محاذ پر بھرپور جواب دیا جائے گا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللّٰہ نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے بیانات سامنے آ چکے ہیں، سب جماعتیں اپنی ریاست کے ساتھ کھڑی ہیں، اور عالمی سطح پر اتحاد کا پیغام پہنچ چکا ہے۔
مزید پڑھیں: پہلگام فالس فلیگ آپریشن پردہ چاک ہونے پر بھارت حواس باختہ ہوگیا
انہوں نے کہا کہ اگر حالات نے تقاضا کیا تو آل پارٹیز کانفرنس یا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا، اور کوشش ہوگی کہ پاکستان تحریک انصاف بھی اس میں شریک ہو۔ رانا ثنااللّٰہ نے امید ظاہر کی کہ قومی سلامتی کے معاملے پر تمام جماعتیں یک زبان ہوں گی۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارتی میڈیا اور حکومت کی جانب سے پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر لگایا جا رہا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔