تحریک انصاف کی یوم مزدور ریلی: لاہور میں اجازت، اسلام آباد اور پشاور میں دفعہ 144 نافذ

پیر 1 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف نے آج ملک کے تین بڑے شہروں لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں یوم مزدور کے موقع پر ریلیاں نکالنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان لاہور میں لبرٹی چوک سے ریلی کی قیادت کریں گے۔

عمران خان لبرٹی چوک سے ناصر باغ تک ریلی نکالیں گے جس میں ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف احتجاج اور فوری انتخابات کروانے کا مطالبہ دہرایا جائے گا۔ ریلی دوپہر ایک بجے لبرٹی چوک سے شروع ہو گی۔ پھر فیروز پور روڈ سے ایم اے او کالج اور لوئر مال روڈ سے ہوتی ہوئی ناصر باغ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگی۔

پاکستان تحریک انصاف کے مطابق ریلی سے ملک میں فوری انتخابات اور آئین بحالی کی تحریک کا باقائدہ آغاز کیا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی راولپنڈی میں اقبال پارک سے ریلی کی قیادت کریں گے۔ شاہ محمود قریشی کے علاوہ پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر بھی کارکنان سے خطاب کریں گے۔ راولپنڈی ریلی کا روٹ مری روڈ تک محدود کیا گیا ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے شہر میں دفعہ 144 نافذ کر رکھی ہے۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطاق شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے، کسی بھی جلسے، جلوس کی اجازت نہیں ہوگی۔

ترجمان کے مطابق قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ فیض آباد اور دیگر راستوں سے اسلام آباد میں شہریوں کو چیکنگ کے بعد داخل ہونے کی اجازت ہو گی۔

پشاور سے وی نیوز کے نامہ نگار سراج الدین کے مطابق یکم مئی یوم مزدور کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف پشاور میں امن مارچ منعقد کرے گی جس کا آغاز دن ایک بجے ہو گا۔ مارچ کی قیادت صدر پی ٹی آئی خیبر پختونخوا پرویز خٹک کریں گے۔

امن مارچ گل بہار سے شروع ہوگا جو چوک یادگار میں جا کر اختتام پذیر ہو گا۔ جس میں پشاور اور دیگر اضلاع سے کارکنان شرکت کریں گے۔ پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں امن و امان کی ابتر صورت حال کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کررکھی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp