آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے رواں مالی سال کی پہلی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ 31 مارچ 2023 تک کی کارکردگی پر مشتمل 9 مہینے کی اس رپورٹ میں پچھلے مالی سال کی نسبت اس سال کمپنی کے شیئرز اور منافع میں خاطر خواہ اضافہ دکھائی دیا۔
او جی ڈی سی ایل کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں کمپنی نے اپنی مجموعی فروخت کی مد میں 3 کھرب 9 کروڑ روپے سے زائد کا ہدف حاصل کیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اختتام پر 3 کھرب 35 کروڑ روپے سے زائد کا سیلز ریوینیو حاصل کیا گیا تھا۔
او جی ڈی سی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس نے کمپنی کی نیٹ سیلز کے بعد ایک کھرب 5 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد کے خالص منافع کی منظوری دی۔ پچھلے پورے مالی سال کے دوران کمپنی کی جانب سے حاصل کیا گیا منافع ایک کھرب 3 کروڑ 30 لاکھ روپے سے زائد تھا۔
اجلاس میں بورڈ آف ڈائریکٹرز نے تیسرا عبوری نقعد منافع ایک روپے 80 پیسے فی شیئر دینے کی منظوری دی۔ یہ پہلے دیے گئے عبوری منافع 4 روپے فی شیئر کے علاوہ ہے۔ یہ منافع 9 مئی 2023 کو کمپنی سے رجسٹرڈ شدہ ان تمام شیئر ہولڈرز کو جاری کر دیا جائے گا۔
بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی رپورٹ کے مطابق ملکی معاشی صورت حال کے پیش نظر سرکاری کمپنی او جی ڈی سی ایل کی جانب سے ان معاشی اہداف کو حاصل کرنا پاکستان کے لیے ایک خوش آئیند بات ہے۔ امید ہے کہ مالی سال کے آخر میں کمپنی اپنے اہداف کو پورا کرتے ہوئے مزید منافع حاصل کرے گی جو ملکی معیشت میں استحکام کے لیے مفید ثابت ہوگا۔
اس کے علاوہ اجلاس میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ کمپنی آئل اور گیس کے ذخائر کی تلاش کے لیے اپنی سرگرمیوں کو تیز کرے گی تاکہ آئل اور گیس کے مزید ذخائر حاصل کیے جا سکیں۔ کمپنی اپنے طویل مدتی استحاکم کے لیے زیادہ سے زیادہ ذخائر کے متبادل کا تناسب حاصل کرنے کی خواہاں ہے۔
علاوہ ازیں او جی ڈی سی ایل کی نیٹ سیلز میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ ڈالر کی قدر میں اضافے کو سمجھا جا رہا ہے۔ دنیا بھر میں آئل اور گیس کی خرید و فروخت کا دارو مدار ڈالر پر ہی ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آئل اینڈ گیس کمپنی کے منافع کی بڑی وجہ بھی ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت ہے۔