بھارت کی جانب سے پاکستانی یوٹیوب چینلز بند کرنے کے ردعمل میں وزارت اطلاعات نے ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ملی نغمہ بھارتی یوٹیوب چینلز پر چلا دیا۔
یہ بھی پڑھیں بھارت نے 16 پاکستانی یوٹیوب چینلز پر پابندی لگادی، مگر کیوں؟
ملی نغمے میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قومی عزم اور دفاع وطن کے جذبے کی عکاسی کی گئی ہے، یہ ملی نغمہ بھارت میں یوٹیوب پر بطور اشتہار نشر ہو رہا ہے۔ پاکستانی ملی نغمہ بھارت میں نشر ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر ہلچل مچ گئی۔
بھارتی صارفین نے اپنی ہی حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور بھارتی عوام اپنے بیانیہ کی ناکامی پر سوال اٹھا رہے ہیں۔
پاکستان بیانیہ کی جنگ میں واضح برتری حاصل کر چکا، بھارت چاہے سچ کو روکنے کے جتنے مرضی ہتھکنڈے اپنائے، پاکستان کی آواز سرحدوں سے پار بھی سنی جائے گی۔
اپنا بیانیہ کامیابی سے بھارت کے اندر پیش کردیا، وزیر اطلاعات عطا تارڑ
دریں اثنا وزیر اطلاعات تارڑ نے کہا ہے کہ ہم نے اپنا بیانیہ کامیابی سے بھارت کے اندر پیش کردیا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایک بھارتی نیوز چینل پر پاکستان کا تیار کردہ ملی نغمہ نشر کیا گیا ہے جو ایک غیر معمولی کامیابی ہے۔
واضح رہے کہ پہلگام واقعہ کے بعد پاک بھارت کشیدگی پیدا ہوگئی ہے، اور بھارت نے وزیراعظم پاکستان اور وزیر اطلاعات سمیت اہم شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ بند کردیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں یوٹیوب چینلز کے بعد بھارت نے پاکستانی اداکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کردیے
اس کے علاوہ پاکستانی میڈیا ہاؤسز کے یوٹیوب اکاؤنٹس بھی بھارت میں بلاک کردیے گئے ہیں۔