عمران خان کا مقصد ملک میں افرا تفری پھیلانا ہے: رانا ثنا اللہ

پیر 1 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کا مقصد ملک میں افرا تفری پھیلانا ہے۔

فیصل آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ثاقب نثار بابا رحمتے بنے ہوئے تھے لیکن ملک کے لیے زحمت ثابت ہوئے۔ نواز شریف کی سزا کے لیے پتہ نہیں کروڑ لیے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو چل رہی ہے جس میں وہ ٹکٹ دلوانے کے بدلے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کا مطالبہ کر رہا ہے۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ثاقب نثار نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر نواز شریف کو سزا دی۔ اسٹیبلشمنٹ کے کچھ لوگوں نے عمران خان کا ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں نتائج تبدیل کر کے عمران خان جیسے فتنے کو مسلط کیا گیا۔ جنرل باجوہ اور جنرل فیض کہتے تھے انہوں نے ججوں کو مینج کیا۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ اس فتنے کو مسلط کرنے کی کیا ضرورت تھی۔ باجوہ اور فیض حمید کہتے تھے نواز شریف کو اقتدار سے نکالنے کے لیے بہت محنت کی۔

انہوں نے کہا کہ سیاست دان اگر اپنے مخالفین کو یہ کہے کہ یہ سارے چور ہیں تو ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں حالات اس لیے خراب ہیں کہ وہاں طالبان کو واپس آنے دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ 2018 میں آٹا، پیٹرول، چینی سمیت ہر چیز سستی تھی مگر پھر اس فتنے کو ملک پر مسلط کر دیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp