امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر حملہ شرمناک ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ معاملات زیادہ خراب نہ ہوں۔
امریکی صدر نے تقریب میں صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ انہیں ابھی بھارتی حملے کی اطلاع ملی ہے اور وہ اسے شرمناک سمجھتے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات دہائیوں سے خراب ہیں اور وہ امید کرتے ہیں کہ معاملات جلد ٹھیک ہوجائیں۔
🛑BREAKING: Trump speaks about the serious tension between India and Pakistan.
Video: C-SPAN🎥 https://t.co/kqcli8O61V pic.twitter.com/7O0pecwTk4
— Sahan Talks (@SahanTalks) May 6, 2025
واضح رہے کہ امریکا مسلسل اس بات پر زور دے رہا تھا کہ دونوں ممالک مسائل کا بات چیت کے ذریعے حل نکالیں۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے جمعے کو پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور بھارتی ہم منصب جے شنکر کو ٹیلیفون کرکے کہا کہ دونوں ملک کشیدگی کا ذمہ دارانہ حل نکالیں، تاکہ جنوب ایشیا میں طویل المدتی امن اور علاقائی استحکام برقرار رہے۔
یہ بھی پڑھیں پاک بھارت جنگ کی صورت میں امریکا پاکستان کا ساتھ دے گا، 17فیصد پاکستانیوں کی توقع
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس کا پریس بریفنگ کے دوران کہنا تھا کہ امریکا پاکستان اور بھارت کی حکومتوں سے مختلف سطح پر رابطے میں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ چاہتی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا کوئی حل نکلے، اور اس کے لیے ہم مسلسل رابطے میں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا دہشتگردی کے خلاف بھارت کے ساتھ کھڑا ہے، صدر ٹرمپ اس سے قبل بھی یہ کہہ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہیں۔
بھارت نے یکطرفہ طور پر پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ پاکستان نے کہا ہے کہ اگر ہمارا پانی بند کیا تو جنگ ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں پہلگام حملے کی تحقیقات کے لیے اقوام متحدہ کا کمیشن تشکیل دیا جائے، پاکستان کی پیشکش
پاکستان نے بھارت کی جانب سے لگائے جانے والے الزام پر کہا ہے کہ کوئی بھی دو سے تین ملک پہلگام واقعہ کی تحقیقات کریں، یا اقوام متحدہ کا ایک کمیشن تشکیل دیا جائے، پاکستان مکمل تعاون کرےگا۔