اسرائیلی ساختہ بھارتی ہیروپ ڈرونز کی پاکستانی سرزمین پر تباہی کے بعد متوقع رد عمل کے پیش نظر مبینہ طور پر بھارتی طیاروں کو مغربی سرحد سے دور منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب جیسا کہ وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے قومی اسمبلی میں یقین دہانی کرائی ہے، پاکستان کی مسلح افواج ہندوستان کو اپنے منتخب کردہ مقام اور وقت پر نشانہ بنائے گی کیونکہ بھارت کی جانب سے کی گئیں گھناؤنی حرکتوں پر ردعمل ناگزیر ہوگیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی بندرگاہوں پرمیری ٹائم سیکیورٹی ہائی الرٹ
بھارت نے آپریشن سیندور شروع کرنے کے بعد سے بھاری جانی نقصان اٹھایا ہے، 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب، بھارت کے 5 لڑاکا طیارے، جن میں 3 فرانسیسی ساختہ رافیل بھی شامل تھے، اور 6 ڈرونز مار گرائے تھے، لائن آف کنٹرول پر 50 سے زائد بھارتی فوجی مارے گئے اور ان کے 2 بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز بھی تباہ کیے گئے۔
بھارت نے اپنے پٹارے میں موجود تمام حکمت عملی آزمالی ہیں اور آبادی میں خوف پھیلانے کے لیے کئی پاکستانی مقامات پر ڈرونز بھی لانچ کیے ہیں، تاہم پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کا قلع قمع کردیا۔
مزید پڑھیں:پاکستان میں مارگرائے جانیوالے اسرائیلی ساختہ ’ہیروپ ڈرونز‘ کیا ہیں؟
مسلح افواج بھارتی حملوں کیخلاف برسرپیکار ہے اور گزشتہ شب کے دوران کیے گئے 25 ڈرونز کو بے اثر یا مکمل طور پر تباہ کرچکی ہے، ہیروپ جیسے جدید ترین 2 درجن سے زائد ڈرونز کو بے اثر کر دیا گیا ہے، جو یقیناً پاکستان کی ایک بڑی کامیابی ہے۔