پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پر آپریشن، لاہور ہائیکورٹ نے ڈی جی اینٹی کرپشن سے جواب طلب کر لیا

منگل 2 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پر پولیس اور اینٹی کرپشن ٹیم کے مشترکہ آپریشن کے خلاف دائر درخواست پر ڈی جی اینٹی کرپشن سے جواب طلب کر لیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیر اعلی پرویز الہی کی رہائش گاہ پر پولیس آپریشن کے خلاف راسخ الہی کی جانب سےد ائر درخواست پر سماعت  جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے کی۔

درخواست گزار راسخ الٰہی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سابق وزیر اعلٰی کے گھر پر غیر قانونی طور پر پولیس آپریشن کیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ سے  ضمانت لینے کے باوجود پرویز الٰہی کی گرفتاری کی کوشش کی گئی۔

راسخ الٰہی کے مطابق پولیس کی جانب سے پرویز الٰہی کے گھر پولیس چھاپہ عدالتی حکم کی واضح خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ عدالت چیف سیکرٹری کو ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا حکم دے اور عدالت پولیس کو پرویز الٰہی کی گرفتاری سے روکنے کا حکم دے۔

راسخ الٰہی کےوکیل عامر سعید نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میرے مؤکل کو روز نیا مقدمہ درج کرکے ہراساں کیاجارہا ہے۔ جس پر جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے اگر قانون سے ہٹ کر کچھ ہوا تو عدالت دیکھ لےگی۔

عدالت نے ڈی جی اینٹی کرپشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 8 مئی کوجواب طلب کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ 27اپریل کو لاہور پولیس اور اینٹی کرپشن ٹیم نے سابق وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو گرفتار کرنے کے لیے ان کی رہائش گاہ پرچھاپا مارا تھا، تاہم پولیس 8 گھنٹے طویل آپریشن کے باوجود انہیں گرفتار کرنے میں ناکام رہی تھی ۔

کارروائی کے دوران صدر تحریک انصاف کے گھر سے متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا تھا اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

لاہور کے تھانہ غالب مارکیٹ میں چوہدری پرویز الٰہی سمیت 50 افراد کے خلاف پولیس پر تشدد اور حملہ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

اینٹی کرپشن افسر کی مدعیت میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت یہ مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ کیس میں دہشت گردی اور اقدام قتل سمیت 13 دفعات لگائی گئی ہیں۔

مقدمے کے متن کے مطابق چھاپہ مار ٹیم پر جلانے کی نیت سے پٹرول پھینکا گیا، پتھراؤ اور ڈنڈوں سے حملہ کیا گیا، جبکہ چوہدری پرویز الٰہی کو موقع سے فرار کرا دیا گیا۔

اس سے قبل اینٹی کرپشن گوجرانوالہ نے پرویز الٰہی کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا جس کے بعد سابق وزیراعلیٰ نے عبوری ضمانت حاصل کی تھی۔

اینٹی کرپشن عدالت نے 6 مئی تک اینٹی کرپشن کو چوہدری پرویز الٰہی کی گرفتاری سے روک دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp