پاک فوج نے بہادری سے ملکی دفاع کیا، خراج تحسین پیش کرتا ہوں، مولانا فضل الرحمان

جمعہ 9 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جنگ میں پھول نہیں بلکہ آگ برستی ہے اور پاک فوج نے بھرپور حکمت عملی اور بہادری کے ساتھ بھارتی حملے کے خلاف ملکی سلامتی کا دفاع کیا جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے اور جس بہادری کے ساتھ افواج پاکستان نے ملکی سلامتی کا دفاع کیا اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

مزید پڑھیں: بہتر کون؟ رافیل یا جے 10، عالمی دفاعی اداروں نے جدید ہتھیاروں پر نظریں جما لیں

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مساجد اور مدارس کا نشانہ بنایا لیکن اس سے ہم گھبرانے والے نہیں بلکہ دینی مدرسے کا نوجوان صدف اول میں جاکر لڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے آج پورے ملک میں یوم دفاع پاکستان منانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ 11 مئی کو پشاور اور 15 مئی کو کوئٹہ میں ملین مارچ ہوگا جس میں فوج سے اظہار یکجہتی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہری دفاع کے لیے ہر شخص تیار ہے اور انہوں نے انصار الاسلام کو شہری دفاع کی ذمہ داری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کہا کہ نوجوان شہری دفاع کے لیے نام لکھوائیں جس میں لوگ بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کو یہ بتانا چاہے کہ سفارتی سطح پر کیا کوششیں ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا کوئی سفارتی مشن باہر نہیں محض ٹیلی فون پر باتیں ہورہی ہیں، ہمیں بیرون ممالک کا دورہ کرنا چاہیے تھا، ہمیں چین، سعودی عرب اور ایران کو قائل کرنا چاہیے تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp