سعودی عرب اور یو اے ای کی یقین دہانی کام نہ آئی: پاکستان آئی ایم ایف اسٹاف لیول معاہدہ تاخیر کا شکار؟

منگل 2 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی یقین دہانی کام نہ آئی۔ پاکستان آئی ایم ایف اسٹاف لیول معاہدے پر تاحال کوئی پیشرفت نہ ہو سکی۔ آئی ایم ایف کو اب بھی بیرونی فنانسنگ کی تصدیق کا انتظار ہے۔

وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق حکام کا کہنا ہے’ تمام پیشگی اقدامات پر عمل درآمد کے باوجود اسٹاف لیول معاہدہ نہ ہونا سمجھ سے بالاتر ہے۔ سعودی عرب اور یو اے ای آئی ایم ایف کو پاکستان کی امداد کی ضمانت دے چکے ہیں، تاہم آئی ایم ایف کو عالمی بینک کے 2 ارب اور ایشین انفرااسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک کی جانب سے 90 کروڑ ڈالرز فراہمی کی توثیق درکارہے۔

حکام کا کہنا ہے اسٹاف لیول معاہدہ نہ ہونے کے باعث پاکستان کو معاشی بحران کا سامنا ہے۔ اسٹیٹ بینک زرمبادلہ کے ذخائر تاحال 4.4 ارب ڈالر کی کم سطح پر برقرار ہیں۔

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی پاکستان کو فنانسنگ کی تصدیق:

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) حکام نے 14 اپریل کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو پاکستان کے لیے 1 ارب ڈالر فنانسنگ کی تصدیق کر دی تھی۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ’اسٹیٹ بینک یو اے ای حکام سے ڈیپازٹ لینے کے لیے ضروری دستاویزات پر کام میں مصروف ہے۔ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہےکہ سعودی عرب سے تصدیق کے بعد بیرونی فنانسنگ کی شرائط پوری ہو جائیں گی۔

:سعودی عرب کی یقین دہانی، آئی ایم ایف سے معاہدے کی راہ ہموار:

وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے 24 اپریل کو  بتایا تھا کہ ’سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے فنانسنگ کی یقین دہانی کروا دی گئی ہے، یوں پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اسٹاف لیول معاہدے کی تمام شرائط پوری ہو گئیں۔ امید ہے آئی ایم ایف جلد اسٹاف لیول معاہدہ ایگزیکٹو بورڈ سے منظور کروائے گا۔

وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا’ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو فنانسنگ کے معاملے پر آئی ایم ایف کو آگاہ کر دیا ہے۔ اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کو 2 ارب ڈالر جبکہ متحدہ عرب امارات کی طرف سے 1 ارب ڈالر فراہم کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp