کراچی کی جانب بھارتی ایئر کرافٹ کیریئر کی پیش قدمی کی خبر گمراہ کن اور بے بنیاد ہے، سیکیورٹی ذرائع

ہفتہ 10 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فضائی اور زمینی محاذ پر گزشتہ 72 گھنٹوں سے پاکستان کے ہاتھوں شدید ناکامی کے بعد بھارت اب بحری محاذ پر بھی جھوٹا پراپیگنڈا شروع کر چکا ہے۔ بھارتی نیوی کے ایئرکرافٹ کیریئر کی کراچی کی جانب پیش قدمی کی گمراہ کن خبر بین الاقوامی اخبار ٹیلیگراف کے ذریعے پھیلائی گئی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی ایئرکرافٹ کیریئر بین الاقوامی پانیوں میں اُسی مقام پر موجود ہے جہاں یہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی حملے کے وقت تھا۔ اس نے نہ تو کسی نئی سمت میں پیش قدمی کی ہے، نہ ہی اس کی پوزیشن تبدیل ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں:سپرسونک کروز میزائلوں سے لیس بھارتی بحری بیڑہ کراچی کے قریب پہنچ گیا

ٹیلیگراف میں شائع مضمون میں سنسنی پھیلانے کی کوشش کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا گیا کہ کراچی ایئرپورٹ بھارتی ایئرکرافٹ کیریئر کی فائرنگ رینج میں ہے۔ سیکیورٹی ذرائع نے اس دعوے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور کے جدید ہتھیاروں کی رینج اتنی طویل ہے کہ کسی بھی مقام سے دشمن کے اندرون ملک اہداف کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق افواجِ پاکستان دشمن کی ہر چال اور مکاری سے نہ صرف مکمل طور پر باخبر ہیں بلکہ ہر جارحیت کا بروقت، مؤثر اور منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع نے مزید کہا کہ ہم دشمن کے علاقے میں موجود ہر ٹارگٹ کو اپنی مرضی کے وقت، مقام اور ہتھیار سے کامیابی سے نشانہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp