پرنس رحیم آغاخان کا وزیراعظم شہباز شریف کو خط، پاکستان اور بھارت میں ثالثی کی پیشکش

ہفتہ 10 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پرنس رحیم آغاخان پنجم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیددگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اسماعیلیوں کے روحانی پیشوا اور آغاخان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک (اے کے ڈی این) کے سربراہ پرنس رحیم آغاخان پنجم نے وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کو خط لکھ کر پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی میں کمی کے لیے ثالثی کی کوششوں اور معاونت کی پیشکش کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: لزبن، اسماعیلی برادری کے 50ویں امام پرنس رحیم آغا خان پنجم تخت نشین ہوگئے

خط میں انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان حالیہ صورتحال پر گہرے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، ‘یہ میری امید اور دعا ہے کہ دونوں طرف انسانی جانوں کے ضیاع اور نقصان کو کم کرنے کے لیے اس تنازع کے پرامن حل تک جلد پہنچا جائے’۔

انہوں نے لکھا، ‘اسماعیلی امامت ایک غیر سیاسی ادارہ ہے جس کے انڈیا اور پاکستان کے ساتھ تاریخی روابط ہیں’۔

یہ بھی پڑھیے: پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کے لیے کن ممالک نے رابطے کیے؟

آغاخان پنجم نے کشیدگی ختم کرنے اور دیرپا امن کے قیام کے لیے اپنے تعاون اور مدد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو بھی خط لکھ دیا ہے۔

پرنس رحیم کی جانب سے لکھے گئے خط کا عکس

واضح رہے کہ پرنس رحیم آغاخان اپنے والد پرنس کریم آغاخان چہارم کے اس سال فروری میں انتقال کے بعد اسماعیلی مسلمانوں کے 50ویں امام بن گئے تھے۔

پرنس رحیم آغاخان کو گزشتہ سال پاکستان کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی طرف سے ‘نشانِ پاکستان’ کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص شروع، انڈیا کی برتری کسی صورت قبول نہیں کرینگے، اسحاق ڈار

دوسری جانب آج پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی اس وقت شدت اختیار کرگئی جب پاکستان نے انڈیا پر میزائل حملوں کا الزام لگا کر بھارت کے اندر متعدد فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔

9  اور 10 مئی کی رات 3 بجے پاک فوج کے ترجمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے راولپنڈی میں نور خان ایئربیس، مرید ایئر بیس اور شور کوٹ ایئربیس کو نشانہ بنایا ہے اب وہ ہمارے جواب کا انتظار کرے۔

اس کے بعد پاکستان نے ‘آپریشن بنیان موصوص’ کا آغاز کرتے ہوئے بھارت کے اندر اہم فوجی تنصیبات کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیے: شدید جھڑپوں کے بعد پاکستان اور انڈیا کے ڈائریکٹر جنرلز ملٹری آپریشنز کا رابطہ ہوگیا

پاکستان نے بھارت میں ادھم پور ایئر بیس، پٹھان کوٹ ایئر فیلڈ اور سورت گڑھ ائیر فیلڈ، آدم پور ائیر فیلڈ اور بیاس، آدم پور اور راجوڑی میں اہداف کو نشانہ بنایا جس کی تصدیق بھارت نے بھی کی۔

ان جھڑپوں کے بعد عالمی طور پر پاک بھارت کشیدگی روکنے کے لیے امریکا اور سعودی عرب متحرک ہوگئے جن کے وزرائے خارجہ نے پاکستان میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp