امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت سیز فائر کے لیے تیار ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت سیزفائر: دونوں ممالک نے جنگ بندی کی تصدیق کردی
سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کی ثالثی کی طویل کوشش کے بعد مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ہندوستان اور پاکستان نے مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق کرلیا ہے۔
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) May 10, 2025
انہوں نے کہا کہ کامن سینس اور ذہانت سے کام لینے پر میں دونوں ممالک کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس معاملے پر آپ کی توجہ کا شکریہ‘۔
اسحاق ڈار نے بھی تصدیق کردی
دریں اثنا دریں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت نے فوری طور پر جنگ بندی پر اتفاق کرلیا۔
Pakistan and India have agreed to a ceasefire with immediate effect. Pakistan has always strived for peace and security in the region, without compromising on its sovereignty and territorial integrity!
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) May 10, 2025
ایکس پر اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر سمجھوتا کیے بغیر خطے میں امن و سلامتی کے لیے کوششیں کی ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ہفتہ 10 مئی کے شام ساڑھے 4 بجے پاکستان اور بھارت نے جنگ بند کردی گئی۔
بھارت کے سیکریٹری خارجہ وکرم مسری کی جانب سے بھی سیزفائر کی تصدیق
دریں اثنا بھارت کے سیکریٹری خارجہ وکرم مسری نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے آج دن کے 3 بج کر 35 منٹ پر انڈیا کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشن سے بات کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان انڈیا کے وقت کے مطابق 5 بجے سے زمین، فضا اور سمندر میں مکمل جنگ بندی ہو گی۔’
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان 12 مئی کو دن 12 بجے ( انڈین وقت کے مطابق) دوبارہ بات ہو گی۔
پاکستان امن پسند ملک مگر اپنا دفاع کرنا بھی جانتا ہے، نواز شریف
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اللّہ ربّ العزت کا شکر ہے کہ اس نے پاکستان کو سر بلند کیا، پاکستان امن پسند ملک ہے مگر اپنا دفاع کرنا بھی جانتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، فوج کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر کو مبارک ہو۔
مزید پڑھیے: ’ہمارے جواب کا انتظار کرو‘، ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس سے بھارت میں حملوں تک کیا کچھ ہوا؟
انہوں نے مزید کہا کہ چیف آف ایئر اسٹاف، ایئر چیف مارشل ظہیر سندھو اور افواج پاکستان کو شاباش اور مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
نواز شریف نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور امن کو ترجیح دیتا ہے مگر اپنا دفاع کرنا بھی جانتا ہے۔
واضح رہے کہ یہ بیان پاکستان اور بھارت کی جانب سے فوری اور مکمل سیز فائر کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔
یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی شب پاکستان اور آزاد کشمیر کے 5 مقامات پر حملے کیے گئے تھے جس کا پاکستانی فورسز نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارت کے 5 طیارے بھی مار گرائے تھے۔
مزید پڑھیں: پاک بھارت جنگ بندی میں کس ملک نے کیا کردار ادا کیا؟
پاکستان کی جانب سے بارہا خبردار کرنے کے باوجود بھارت کی جانب سے جارحیت کا سلسلہ جاری رہا اور بھارت نے ڈرون حملوں کے بعد میزائل حملوں سے پاکستانی ائیر بیسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ جس پر پاکستان نے 10 مئی کو سورج نکلنے سے پہلے بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے ادھم پور، آدم پور اور پٹھان کوٹ ائیر بیسز سمیت کئی ائیر فیلڈز کو تباہ کر دیا۔
یہی نہیں بلکہ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی الیکٹرک کمپنی پر سائبر حملہ کر کے بجلی کا نظام مکمل طور پر جام کر دیا اور ملٹری سیٹیلائٹ کو بھی جام کر دیا۔ علاوہ ازیں بھارتی شہروں میں پاکستانی ڈرونز کے گشت سمیت کئی اقدامات نے بھارت کے چھکے چھڑادیے۔