لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کو تمام مقدمات میں شامل تفتیش ہونے کا موقع دے دیا

منگل 2 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو اپنے خلاف تمام مقدمات میں پولیس تفتیش میں شامل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے پنجاب حکومت سے تفتیش مکمل کرکے 8 مئی تک مکمل رپورٹ طلب کرلی ہے۔

عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف درج مجموعی طور پر 121 مقدمات کے اندراج کے خلاف درخواست پر سماعت جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے کی۔

دوران سماعت عمران خان کے وکیل سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ اتنے مقدمات 71 سالہ کے خلاف بنائے گئے ہیں جس کے لیے روز ضمانتوں کا حصول ممکن نہیں۔ وزیر آباد میں عمران خان پر حملہ سمیت ہر کیس میں پولیس مدعی بنتی ہے۔ یہ بد نیتی ہے۔ جہاں عمران خان نے مدعی بننا ہے وہاں بھی پولیس مدعی بنی۔

’ایک واقعے پر ایک سےزیادہ مقدمات کا اندراج بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، تمام کیسزبدنیتی پر درج ہوئے۔ ہر کیس میں عمران خان کو فٹ کر دیا جاتا ہے، ضمانت کے لیے جاتے ہیں تو عدالت کے اندر سے شیلنگ ہوجاتی ہے۔ جب سے نگران حکومت آئی ہمیں سیکیورٹی نہیں ملتی۔ ہم جان ہتھیلی پر رکھ کر عدالت میں آتے ہیں۔‘

عدالتی استفسار پر سلمان صفدر نے بتایا کہ عمران خان نے اب تک 25 کیسز میں ضمانت لی ہے۔ پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان عدالت سےاضافی ریلیف کے طلبگار ہیں۔ جسٹس طارق سلیم شیخ بولے؛ جو ہو رہا ہےکیا یہ روایت ختم نہیں ہونی چاہیے۔ سزائے موت پانے والوں کے بھی حقوق ہوتے ہیں۔

سرکاری وکیل نےکہا کہ اگر عمران خان آرام سے آنا چاہتے تو کچھ نہیں ہوتا۔ پہلے رات کو آتے تھے اور ہنگامہ ہوتا تھا۔ عمران خان ایک بھی کیس میں شامل تفتیش نہیں ہوئے۔

جسٹس عالیہ نیلم نے عمران خان کے وکیل کو مخاطب کرتے وہئے کہا کہ آپ کو وقت دیتے ہیں تمام مقدمات میں شامل تفتیش ہوجائیں۔ تفتیشی افسرکے سامنے پیش ہونا ضروری ہے۔ ملزم تک رسائی نہ ہونے کے باعث ایک نئی ایف آئی آر درج ہوگئی ہے۔

دوران سماعت عدالتی اجازت سے عمران خان روسٹرم پر آکر کہا کہ انہیں وزیر آباد کے بعد اسلام آباد میں قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔ بولے؛ آج میں آپ کو کہہ رہا ہوں انہوں نے مجھے پھر قتل کرنے کی کوشش کرنی ہے ۔ یہ مجھے ختم کرنا مارنا چاہتے ہیں ۔

’یہ ڈرتے ہیں اگر دوبارہ میں آ گیا تو انکا احتساب کروں گا ۔ مجھے کوئی سیکیورٹی نہیں ملی میں کیسز سے بھاگ نہیں رہا ۔ مجھے عدالتوں پر مکمل اعتماد ہے اسی لیے عدالت سے سامنے کھڑا ہوں۔‘

عمران خان کے وکیل کی جانب سے یقین دہانی کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کو آئندہ جمعہ کے روز 2 بجے تمام مقدمات میں شامل تفتیش ہونےکا حکم دیتے ہوئے پنجاب حکومت سے تفتیش مکمل کرکے 8 مئی تک مکمل رپورٹ طلب کرلی ہے۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp