وزیر اعظم شہباز شریف نے معرکہ حق میں شہید ہونے والے شہریوں اور فوج کے جوانوں کے لواحقین کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
انہوں نے پاک فضائیہ کے 5 اور پاک آرمی کے 6 جوانوں کی شہادت پر نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان نے قوم سے کیا ہوا عہد پورا کیا، مجھ سمیت پوری قوم کو شہدا اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔
یہ بھی پڑھیے: وزیر اعظم کا ہرسال 10 مئی کو یوم معرکہ حق منانے، شہدا و زخمیوں کے لیے پیکج کا اعلان
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے ملک کا بھرپور دفاع کیا اور ملکی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی، قوم بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، ہم شہدا کو نہ کبھی بھولے ہیں نہ بھولیں گے، ان کے لواحقین کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔
اس سے قبل وزیر اعظم نے آج شہدا کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں کے ورثا کو ایک کروڑ روپیہ فی کس جبکہ زخمی ہونے والوں کو 10 لاکھ روپے سے 20 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں کے ورثا کو رینک کے حساب سے 1.9 کروڑ روپے سے 4.2 کروڑ روپے جبکہ زخمی ہونے والوں کو 10 لاکھ روپے سے 20 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
پاک افواج کے شہدا کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک ان کی مکمل تنخواہ بمعہ الاؤنسز جاری رہیں گی۔
مزید پڑھیں: پاک فوج نے بھارت کے خلاف شاندار آپریشن، حملوں کی تفصیلات جاری کردیں
پاک افواج کے شہدا کے بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم دی جائے گی اور ہر شہید کی ایک بیٹی کی شادی کے لیے 10 لاکھ روپے کی میرج گرانٹ دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے: بھارت کے خلاف جنگ میں مقبول ہونے والے ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد کون ہیں؟
پاک افواج کے زخمی ہونے والوں کو 20 لاکھ روپے سے 50 لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے۔
وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ بھارتی حملے میں متاثر ہونے والے گھروں، شہید مساجد کی تعمیر وفاقی حکومت کرے گی۔














