کسٹمز انٹیلیجینس نے کروڑوں روپے کی چینی و کھاد بلوچستان سے افغانستان اسمگل ہونے سے روک لی

منگل 2 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کسٹمز انٹیلیجینس نے کروڑوں روپے مالیت کی چینی اور کھاد کی بلوچستان کے شہر خضدار سے افغانستان اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

پریس ریلیز کے مطابق کسٹمز انٹیلیجینس کی ٹیم نے مستند اطلاع ملنے پر فرینٹیئر کور، قلات اسکاؤٹس، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی معاونت سے 29 اپریل کو ایک مقامی اسمگلر کے فارم ہاؤس پر چھاپہ مارکر کھاد کے 26 ہزار 407 تھیلے اور 8 ہزار 209 چینی کے تھیلے برآمد کرلیے۔

مذکورہ فارم ہاؤس کا مالک ذخیرہ شدہ اشیا کی قانونی حیثیت کے ثبوت میں کوئی دستاویز پیش کرنے میں ناکام رہا جس پر برآمد شدہ اشیا کو ضبط کرتے ہوئے مذکورہ احاطے کو سیل کردیا گیا۔ ضبط شدہ اشیا پولیس، ضلعی انتظامیہ، فرینٹیئر کور اور اسکاؤٹس کی تحویل میں دے دی گئیں۔

اس کامیاب چھاپے کے بعد مشترکہ ٹیم نے خضدار میں آر سی ڈی ہائی وے پر واقع سیف اللہ کرشنگ پلانٹ نامی ایک کمپاؤنڈ پر بھی چھاپہ مارا اور وہاں سے 10 ہزار 630 کھاد جب کہ 3 ہزار 770 چینی کی بوریاں برآمد کرلیں۔

مذکورہ کمپاؤنڈ میں کھاد کی بوریوں سے علاقے کے ڈٰیلرز نے لاتعلقی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر آر سی ڈی ہائی وے کی سمت سے چھاپہ مار ٹیم پر نامعلوم افراد کی جانب سے چند فائر بھی کیے گئے تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا اور کمپاؤنڈ کو کامیابی سے سیل کردیا گیا۔

علاوہ ازیں کسٹمز انٹیلیجینس کو ایک اور اطلاع ملی تھی جو ارباب کمپلیکس نامی ایک مارکیٹ کی تھی اور وہاں سے بھی پہلی دو جگہوں کی طرح کھاد اور چینی اسمگل کرکے افغانستان پہنچائی جانی تھی۔ مشترکہ ٹیم جب ارباب کمپلیکس کی دکانوں پر پہینچی تو اس کے مالکان نے چھاپے کی مزاحمت کرتے ہوئے آر سی ڈی ہائی وے بلاک کرنے کی دھمکی دی تاہم علاقے کے بزرگوں کی مدد اور خاصی طویل بحث و تمحیص کے بعد ٹیم ان 33 دکانوں کی تلاشی لینے میں کامیاب ہوگئی اور وہاں سے مجموعی طور پر 2 ہزار 646 بورے کھاد اور 22 ہزار 978 چینی کے تھیلے برآمد کرلیے۔

گزشتہ جگہوں کی طرح یہاں بھی کوئی ان اشیا کی ملکیت کے حوالے سے قانونی دستاویزات کے ساتھ سامنے نہیں آسکا اور مقامی ڈیلرز نے بھی اس سے لاتعلقی کا اظہار کیا جس سے یہ بات عیاں ہوگئی کہ

یہ تمام اشیا افغانستان اسمگل ہونی تھیں لہٰذا انہیں ضبط کرلیا گیا۔

علاوہ ازیں کسٹمز انٹیلیجینس نے چند روز قبل گڈانی اور نوشکی سے کھاد کے 2 ہزار 200 اور چینی 10 ہزار بورے بھی ضبط کیے تھے۔

اشیائے ضروریہ کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں میں مجوعی طور پر 16 کروڑ 75 لاکھ 32 ہزار روپے مالیت کے کھاد کے 41 ہزار 883 بورے جب کہ 22 کروڑ 47 لاکھ 85 ہزار روپے کی مالیت کے 44 ہزار 957 چینی کے تھیلے ضبط کیے۔ اس طرح گزشتہ ہفتے اشیائے ضروریہ کے کل 86 ہزار 840 کے تھیلے ضط کرکے ان کی افغانستان اسمگلنگ ناکام بنادی دی گئی جن کی کل مالیت 39 کروڑ 23 لاکھ 17 ہزار روپے بنتی تھی جس سے اسمگلنگ مافیا کو ایک بڑا دھچکا پہنچا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp