بھارت اور پاکستان کے مابین حالیہ کشیدگی کے بعد پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ان کی متعدد ائیر فیلڈ کو تباہ کیا جس کے بعد بھارتی میڈیا یہ دعویٰ کرتے نظر آئے کہ انہوں نے پاکستانی پائلٹ کو گرفتار کر لیا ہے۔
انڈین میڈیا پر پاکستانی پائلٹ کی جو تصویر دکھائی گئی وہ اصل میں کسی پاکستانی پائلٹ کی نہیں بلکہ اپنی انوکھی گلوکاری سے شہرت پانے والے پاکتسانی گلوکار چاہت فتح علی خان کی تھی۔
انڈین میڈیا کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو پاکستانی صارفین اس کا مذاق بناتے نظر آئے کہ یہ تو کمال ہو گیا کہ انڈیا نے ہمارا پائلٹ چاہت فتح علی خان پکڑ لیا ہے۔
انڈیا نے ھمارا پائلٹ چاھت فتح علی خان پکڑ لیا ھے۰
شاباش انڈیا تمہیں پاکستان کا یہ پائلٹ پکڑنا مبارک ھو۰
کمال ھو گیا۰۰۰۰😂😂😂 pic.twitter.com/DTC39WeR6c— بِٹــــــــــــــــــــــــو 🇵🇰 (@BIT0420) May 11, 2025
ان ویڈیوز پر ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا سینسیشن چاہت فتح علی خان کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جنگ کے دوران انڈین میڈیا چیلنز نے مجھے پاکستانی یونیفارم پہنا دی اور ظاہر کیا کہ میں پاکستانی ایئر فورس کا پائلٹ ہوں جو گرفتار ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ حیرانگی کی بات یہ ہے کہ بڑی بڑے انڈین اینکرز مجھے یونیفارم پہنا کر بات کرتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈیا کی 30 ریاستوں میں میرے فینز ہیں انہوں نے اس خبر کے بعد مجھے فون کرنا شروع کر دیے، یورپ سے فون آئے کہ آپ ٹھیک ہیں۔
چاہت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ لوگ انہیں افواجِ پاکستان میں شامل ہونے پر مبارکباد دے رہے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انڈیا کی خوبصورت اداکاراؤں نے مجھے فون کیے ہیں کہ آپ انڈیا آئے ہیں اور ہم سے ملے بغیر واپس چلے گئے ہیں۔ جس پر میں نے کہا کہ انشاء اللہ پھر آ جائیں گے۔
Indian media didn’t spare Chahat … pic.twitter.com/EbI1WiZf4E
— Murtaza Ali Shah (@MurtazaViews) May 13, 2025
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی ایکٹرز نے کہا کہ آپ آئے بمباری کی اور چلے گئے تو میں نے کہا کہ میں شو کرنے کے لیے واپس ضرور آؤں گا۔ چاہت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ انڈینز مجھ سے کتنا پیار کرتے ہیں کہ آپ نے مجھے پاکستان کی یونیفارم پہنا دی ہے، آپ نے مجھے پکڑ بھی لیا ہے اور میں اس وقت دلی سینٹرل جیل میں قید ہوں۔
چاہت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ یہ بھی ویڈیوز آنا شروع ہو گئیں کہ انڈیا نے مجھے مار دیا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ میں زندہ ہوں، بھنگڑے ڈال رہا ہوں اس وقت اپنے گھر لاہور میں موجود ہوں۔
یاد رہے کہ چاہت فتح علی خان نے پنجابی گانے ’اکھ لڑی بدوبدی‘ کو اپنے منفرد انداز میں گانے کے بعد شہرت حاصل کی تھی، اس گانے کو پہلی بار ملکہ ترنم نورجہاں نے 1973 میں ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم ’بنارسی ٹھگ‘ کے لیے گایا تھا۔