مقدس اوراق کی حرمت کے پیش نظر محکمہ داخلہ پنجاب نے بڑا فیصلہ کرلیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مقدس اوراق، الفاظ کے تقدس کو برقرار رکھنے کے لیے پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ کردیا گیا ہے، سیکریٹری داخلہ پنجاب نے مقدس الفاظ کے حامل اخبارات و کاغذات کی پیکجنگ استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قرآن کی خدمت کے لیے پولیس کی نوکری چھوڑ دی، ڈیڑھ لاکھ شہید قرآن جمع کر چکا ہوں
محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے تحت 90 روز کے لیے پابندی عائد کی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اخبارات اور عام صفحات پر مقدس الفاظ اور آیات دی جاتی ہیں، مختلف اشیا کی ریپنگ، پیکجنگ کے لیے اخبارات اور کاغذات کا استعمال کیا جاتا ہے، دینی اعتبار سے یہ حساس نوعیت کا مسئلہ ہے جو امن و امان کی صورتحال بھی خراب کرسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قرآن پاک کی بے حرمتی روکنے کے لیے کیسے اقدامات کی ضرورت ہے؟ او آئی سی کا پالیسی بیان سامنے آگیا
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق اس بے ادبی کو روکنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مقدس الفاظ اور آیات والے کاغذات اور اخبارات کے ریپنگ، پیکجنگ کے لیے استعمال پر پابندی عائد کی گئی۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے عوام الناس کی آگاہی کے لیے حکمنامے کو سرکاری گزٹ، اخبارات و ذرائع ابلاغ کے ذریعے وسیع تر تشہیر کی ہدایت بھی کی ہے۔