بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستانی مسلح افواج کے جرات مندانہ جواب اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے مسلم یوتھ یونیورسٹی اسلام آباد میں ایک پُرعزم اور ولولہ انگیز تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کا عنوان معرکۂ بنیان مرصوص رکھا گیا، جس میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر، فیکلٹی ممبران اور طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا نے قومی سلامتی، ملکی دفاع اور قربانیوں کے تناظر میں پاک فوج کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ ہم پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور بھارتی جارحیت کو دہشتگردی تصور کرتے ہیں۔ دشمن کی ہر کوشش کو ناکام بنانے میں ہماری افواج کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔
مزید پڑھیں: آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کی کامیابی، قوم کا افواج پاکستان سے والہانہ اور جذباتی اظہار یکجہتی
تقریب کے دوران طلبا نے نہایت جذبے اور عقیدت سے پاک فوج کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے واضح کیا کہ ہم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اگر دشمن بھارت نے دوبارہ جارحیت کی، تو پہلے سے بھی زیادہ سخت جواب دیں گے۔
طلبا نے کہا کہ وہ نہ صرف حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہیں بلکہ تعلیم، تحقیق اور خدمت کے میدان میں بھی پاکستان کی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ایک طالب علم نے کہا کہ ہمیں اپنے سپاہیوں پر فخر ہے۔ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ہم دشمن کے خلاف خون کے آخری قطرے تک لڑنے کے لیے تیار ہیں۔
تقریب کا اختتام قومی ترانے اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے ہوا اور ماحول وطن سے محبت کے جذبات سے گونج اُٹھا۔