لوکی کے کوفتے: کیا آپ نے پہلے کبھی کھائے ہیں؟

بدھ 3 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لوکی ٹھنڈی تاثیر رکھنے والی سبزی ہے۔یہ وٹامن سی، کے، اے، ای، میگنیشیم،پوٹاشیم،آئرن اور فولک ایسڈ حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔

موسم گرما میں لوکی لو سے بچاتی ہے کیونکہ اس میں 92فیصد پانی اور صفر کیلوریز پائی جاتی ہیں۔لوکی جگر کی صحت کے لیے بھی مفید ہے۔

آپ اس سبزی کو موسم گرما میں استعمال کر کے اس کے طبی فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔

آج ہم آپ کو لوکی کی ایک ایسی ریسپی بتائیں گےجسے بچے بھی بہت شوق سے کھائیں گے۔

آئیے آج ہم آپ کو لوکی کے کوفتے بنانا سکھاتے ہیں:

لوکی کے کوفتے بنانے کے لیے اجزا

لوکی۔۔۔۔۔ کدو کش کیا ہوا(200گرام)
نمک ۔۔۔۔۔ حسب ذائقہ
ہینگ ۔۔۔۔۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
ہلدی پاؤڈر۔۔۔۔۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
ادرک لہسن کا پیسٹ۔۔۔۔۔ آدھا چائے کا چمچ
سبز مرچ۔۔۔۔۔2باریک کٹی ہوئی
سبز دھنیا۔۔۔۔۔2کھانے کے چمچ (باریک کٹا ہوا)
مونگ کی دال۔۔۔۔۔2کھانے کے چمچ(پہلے سے بھگو کر رکھ دیں)
دہی۔۔۔۔۔2کھانے کے چمچ(گاڑھا)
بیسن۔۔۔۔۔1 چوتھائی کپ
سوڈا۔۔۔۔۔1 چائے کا چمچ
تیل۔۔۔۔۔1کھانے کا چمچ
تیل۔۔۔۔۔ کوفتے فرائی کرنے کے لیے

گریوی بنانے کے لیے اجزا

گھی۔۔۔۔۔2کھانے کے چمچ
ثابت زیرہ۔۔۔۔۔ آدھا چائے کا چمچ
لہسن۔۔۔۔۔5سے6جوئے(باریک کٹے ہوئے)
ادرک۔۔۔۔۔1انچ(باریک کٹی یوئی)
پیاز۔۔۔۔۔2عدد(درمیانے سائز کے)
ہینگ۔۔۔۔۔آدھا چائے کا چمچ
خشک دھنیا پاؤڈر۔۔۔۔۔1چائے کا چمچ
ہلدی پاؤڈر۔۔۔۔۔1چائے کا چمچ
لال مرچ پاؤڈر۔۔۔۔۔ حسب ذائقہ
چینی۔۔۔۔۔آدھا چائے کا چمچ
سبز دھنیا۔۔۔۔۔1کھانے کا چمچ

لوکی کے کوفتے بنانے کا طریقہ

1۔لوکی کے چھلکے اتار لیں اور کدو کش کر لیں۔

2۔کدو کش کیے ہوئے لوکی میں نمک ڈال دیں۔ نمک ڈالنے سے کدو کش کیا ہوا لوکی پانی چھوڑ دے گا۔ نمک ڈالنے کےبعد تقریباً 10منٹ تک رکھ دیں کیونکہ جتنا پانی کدوکش کیے ہوئے لوکی میں سے نکلے گا, اتنا اچھا ہے۔

3۔دس منٹ گزر جانے کے بعد کدوکش کیے ہوئے لوکی کے پانی کو نچوڑ لیں۔ پانی اچھی طرح  نچوڑیں  تا کہ بعد میں پانی لوکی کے کوفتوں کو خراب نہ کرے۔ اسی لیے کدو کش کیے لوکی کو ململ کے کپڑے میں ڈال کر نچوڑ لیں۔

4۔لوکی سے نکالا ہوا پانی ضائع نہ کریں بلکہ ایک برتن میں ڈال کر ایک طرف رکھ دیں۔ اسے بعد میں گریوی بنانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

4۔اب اس میں ہینگ، ہلدی، ادرک لہسن کا پیسٹ اور باریک کٹی ہوئی مرچ ڈال کر مکس کر لیں۔اس میں نمک شامل مت کریں کیونکہ لوکی میں سے پانی نکالنے کے لیے پہلے ہی نمک ڈال دیا تھا۔

5۔سبز دھنیا باریک کٹا ہوا ڈالیں اور اور مونگ کی دال اور دہی ڈال دیں اور اچھی طرح مکس کر لیں۔ لوکی کے کوفتوں میں چنے کی دال بھی شامل کی جا سکتی ہے۔

6۔اب اس میں بیسن ڈال دیں اور مکس کر لیں۔

7۔تیل میں کھانے کا سوڈا مکس کریں اور لوکی کے کوفتوں کے پیسٹ میں ڈال دیں اور اچھی طرح مکس کر لیں۔

8۔اب اس پیسٹ کے کوفتے بنا لیں۔

9۔کڑاہی میں تیل گرم کریں اور کوفتے فرائی کر لیں۔ یاد رکھیں کہ کوفتوں کو ڈیپ فرائی نہ کریں۔

گریوی بنانے کا طریقہ

1۔کڑاہی میں گھی گرم کریں اور زیرہ ڈال دیں۔

2۔ادرک لہسن اور باریک کٹی ہوئی سبز مرچ ڈال دیں اور مکس کر لیں۔

3۔پیاز شامل کریں۔ یہ بات یاد رکھیں کہ مصالحہ زیادہ براؤن نہ کریں۔

4۔اب مصالحے میں ہینگ اور ہلدی ڈال لیں اور 5 سے6سیکنڈ تک مکس کریں۔

5۔لال مرچ پاؤڈر شامل کریں۔

6۔اب مصالحے میں کٹے ہوئے ٹماٹر شامل کریں۔ ٹماٹروں کو اچھی طرح گلا لیں۔

7۔دہی میں تھوڑا لال مرچ اور خشک دھنیا پاؤڈر مکس کر کے مصالحے میں ڈال دیں۔

8۔اب اس مصالحے میں لوکی کا پانی، چینی اور تقریباً ایک کپ کے قریب پانی شامل کریں اور10سے12منٹ تک ہلکی آنچ پر پکائیں۔

9۔مصالحے میں لوکی کا پانی شامل کرنے سے پہلے لوکی کے پانی کو چکھ لیں کیونکہ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ لوکی کڑوی ہوتی ہے۔اگر لوکی کا پانی کڑوا ہو تو اسے استعمال مت کریں۔

10۔اگر لوکی کا پانی مصالحے میں استعمال کر رہے ہیں تواس مصالحے میں نمک شامل مت کریں کیونکہ لوکی کے پانی میں پہلے سے نمک موجود ہے ۔

11۔گریوی تھوڑی پتلی رکھیں کیونکہ جب اس میں کوفتے ڈالیں گے تو کوفتے گریوی پئیں گے۔

12۔گریوی تیاری ہوجانے کے بعد اس میں کوفتے ڈالیں اور کڑاہی کے نیچے آنچ ہلکی کر دیں۔

13۔اب کوفتوں پر کٹا ہوا ہرا دھنیا ڈالیں۔

۔ لوکی کے مزیدار کوفتے تیار ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp