عید قربان کی آمد آمد ہے اور کراچی میں شہریوں کی جانب سے اچھے جانوروں کی تلاش کا بھی آغاز ہو چکا ہے۔ شہریوں کا زیادہ جھکاؤ نادرن بائی پاس پر لگنے والی مویشی منڈی طرف ہوتا ہے کیوں کہ یہاں ایک ہی جگہ پر ہر قسم کے جانور مل جاتے ہیں۔
اس سے قبل کراچی کی مویشی منڈی جانے والوں کو یہ شکوہ رہتا تھا کہ مناسب کھانے پینے کے انتظامات نہیں ہوتے جس کی وجہ سے شہری آتے نہیں تھے یا پھر آکر جلدی جانے کی تیاری کرتے تھے تاہم اس بار کراچی کی مویشی منڈی میں باقاعدہ فوڈ اسٹریٹ بنا دی گئی ہے جس میں کراچی کے مشہور کھانے دستیاب ہیں۔
بریانی کھانا ہو، نہاری کھانا ہو یا کوئی بھی ڈش۔۔۔۔ سب آپ کو ملیں گے۔ مویشی منڈی میں کراچی کے مشہور برانڈز نے اپنے اپنے آؤٹ لیٹس کھولے ہیں۔ یہاں تک کہ چائے کافی یا لمکا بھی آپ کو ملے گا اور قیمت بھی وہی جو عام مقامات پر ہوتی ہے۔