بلوچستان میں ’امید کی شہزادی‘ کو محافظ مل گئے

بدھ 3 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے ہنگول نیشنل پارک میں موجود قدرتی مجسمہ سازی کا شاہکار اور قومی ورثہ کی حامل چٹان ’امید کی شہزادی‘ کی حفاظت کے لیے صوبائی حکومت نے سیکیورٹی تعینات کر دی ہے۔

مکران کوسٹل ہائی وے کے نزدیک ہنگول نیشنل پارک کے پہاڑی سلسلہ میں واقع ایک قدرتی نسوانی مجسمہ نما پہاڑی واقع ہے، جسے 2004 میں اقوام متحدہ کے ایک خیر سگالی مشن پر پاکستان آئیں ہالی وڈ کی مشہور اداکارہ انجلینا جولی نے  ’پرنسس آف ہوپ‘ کا نام دیا تھا۔

صوبائی حکومت کی جانب سے سیکیورٹی اہلکار کی تعیناتی کا یہ حالیہ قدم سیاحوں کی ’پرنسس آف ہوپ‘ پہاڑی پر چڑھنے کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد اٹھایا گیا ہے کیونکہ  اس نوعیت کی انسانی سرگرمیوں سے اس قدرتی عجوبہ کو نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔

عید کی تعطیلات کے دوران بڑی تعداد میں سیاح مکران ڈویژن کے علاقوں میں پکنک منانے یہاں پہنچے اور یہاں اپنے قیام کے دوران کئی سیاحوں نے ’پرنسس آف ہوپ‘ کی پہاڑی پر چڑھنے کی کوشش کی۔ سوشل میڈیا پر سیاحوں کی  پہاڑی پر چڑھنے کی تصویریں وائرل ہونے کے بعد اس ورثہ کی حفاظت کا مطالبہ سامنے آیا تھا۔

صوبائی سیکریٹری اطلاعات حمزہ شفقات نے بتایا کہ چیف سیکریٹری کو معاملے کا علم ہوا تو انہوں نے کمشنر قلات کو ہدایات جاری کیں جس پر ڈی سی قلات نے پولیس کو مطلع کیا اور وہاں سیکیورٹی تعیناتی کے لیے خط لکھا۔

’عید کے بعد اور ہنگلاج ماتا مندر کے میلے سے قبل پرنسس آف ہوپ پر سیکیورٹی تعینات کر دی گئی ہے تاکہ ہنگلاج ماتا مندر آنے والے سیاحوں میں سے بھی کوئی پرنسس آف ہوپ پہنچ کر پہاڑی پر چڑھنے کی کوشش نہ کرے۔‘

ضلعی انتظامیہ لسبیلہ کے مطابق سیاحوں کے اس غیر ذمہ دارانہ رویہ کے باعث پرنسس آف ہوپ کے منہدم ہونے کا خدشہ ہے جس پر ضلعی انتظامیہ نے پرنسس آف ہوپ پر سیکیورٹی اہلکار کی تعیناتی کا فیصلہ کیا۔

انتظامیہ کے مطابق پولیس اہلکار ’پرنسس آف ہوپ‘ پہاڑی کے قریب تعینات کر دیے گئے جو سیاحوں کو پہاڑی کے قریب جانے سے روکیں گے جب کہ ’پرنسس آف ہوپ‘ جانے والے راستے پر انتباہی بورڈ بھی نصب کیے جارہے ہیں، جن پر اس پہاڑی پر چڑھنے کی ممانعت پر مبنی الفاظ درج ہوں گے۔

امید کی شہزادی: کہاں، کیوں اور کیسے؟

’امید کی شہزادی‘ پاکستان میں ایک قدرتی چٹان کی شکل ہے جسے تصوراتی طور پر افق کی طرف دیکھتی ہوئی ایک تاج پوش اور ا سکرٹ والی خاتون شخصیت سے مشابہت رکھنے والی شکل سے تعبیر کیا جا سکتا ہے۔

یہ پاکستان کے معاشی دارالحکومت کراچی سے تقریباً 190 کلومیٹر جب کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے تقریباً 717 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ دلچسپ شکل کا چٹان کا چوٹی صوبہ بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے ہنگول نیشنل پارک میں واقع ہے۔

فائل فوٹو

لسبیلہ ضلع بلوچستان کی اس ساحلی پٹی کا حصہ ہے جسے مکران کہا جاتا ہے۔ یہاں کا پہاڑی منظر نامہ دلکش گھاٹیوں سے بھرپور ہے۔ اس پارک میں کیچڑ اورچٹان کی غیر معمولی اشکال موجود ہیں، جن کی موجودہ ساخت برسوں پر محیط قدرتی کٹاؤ کے عمل کا مصورانہ عکاس ہے۔

فائل فوٹو

ہنگول نیشنل پارک کی ایک پہچان ’پرنسس آف ہوپ‘ نامی ایک چٹان ہے۔ یہ دور سے دیکھنے میں ایک درازقامت خاتون کا مجسمہ معلوم ہوتی ہے جو دور افق میں کچھ تلاش کر رہی ہے۔

اس کے بارے میں یہی کہا جاتا ہے کہ یہ انسانی تخلیق نہیں بلکہ سمندری ہواؤں اور کٹاؤ کے باعث تشکیل پانے والی ایک مینار جیسی چٹان ہے۔

معروف ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی 2004 میں اقوام متحدہ کے ایک خیر سگالی مشن پر پاکستان آئیں تو یہ چٹان ان کی توجہ کا مرکز بنی اور انہوں نے ہی اسے ’پرنسس آف ہوپ یعنی امید کی شہزادی‘ کا نام دیا تھا۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp