ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش، پشاور میں حادثات کے دوران بچہ جاں بحق، متعدد افراد زخمی

اتوار 18 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

راولپنڈی اسلام آباد میں جھکڑ اور گرد آلود ہوائیں چلنے کے بعد اب بارش شروع ہوگئی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں اب بھی آندھی چل رہی ہے، پشاور میں مختلف حادثات کے دوران بچہ جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طوفانی ہواؤں کے باعث کئی علاقوں کو بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی ہے، جبکہ ٹریفک کی روانی میں بھی خلل آگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش و ژالہ باری، موسم خوشگوار ہوگیا

مرکزی شاہراہوں پر موٹرسائیکل سواروں کو اپنا سفر جاری رکھنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں، جبکہ پیدل چلنے والوں کو بھی مٹی اور دھول اڑنے کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے۔

آندھی کی وجہ سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ کو بھی ڈھانپ دیا گیا ہے، جہاں آج لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ ہونا ہے۔

پشاور میں آندھی سے حادثات، بچہ جاں بحق، 11 افراد زخمی

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور اور ملحقہ اضلاع میں تیز آندھی اور مٹی کے طوفان سے پیش آنے والے حادثات میں بچہ جاں بحق اور 11 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق پشاور، نوشہرہ اور چارسدہ میں آندھی اور طوفان سے اب تک ایک بچہ جاں بحق جبکہ 11 افراد زخمی ہوگئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

ترجمان ریسکیو1122 نے تفصیلات دیتے ہوئے کہاکہ ہمیں آندھی اور طوفان کے باعث اب تک افغان کالونی، اسد انور کالونی، رانو گھڑی میں چھت و دیوار گرنے اور سول کوارٹر، بیگم شہاب الدین گرلز اسکول تحصیل، گھنٹہ گھر کے قریب درخت گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ رانو گھڑی میں خانہ بدوش 6 سالہ بچے پر دیوار گر گئی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ مختلف واقعات میں 5 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کرکے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ گرے ہوئے درختوں کو ہٹانے کے لیے ریسکیو1122 ڈیزاسٹر ٹیمیں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ضلع چارسدہ میں چھت گرنے سے 10 سالہ بچہ زخمی ہے جبکہ نوشہرہ میں 2 مقامات پر دیوار گرنے سے 3 افراد جبکہ موٹر سائیکل سواروں پر درخت گرنے سے 2 زخمی ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسلا دھار بارش اور ژالہ باری، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے آج راولپنڈی اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں طوفانی ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام اس دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp