پی ایس ایل 10 کے 29ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 150 رنز کا ہدف دیا ہے۔
راولپنڈی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر لاہور قلندر کو بیٹنگ کی دعوت دی، بارش سے متاثرہ میچ 13 اوورز تک محدود کردیا گیا ہے۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز نے فخرزمان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 13 اوورز میں 149 رنز بنائے اور پشاور زلمی کو جیت کے لیے 150 رنز کا ہدف دیا، لاہور قلندرز کی جانب سے فخرزمان نے 60 رنز بنائے، محمد نعیم 22 اور آصف علی 18 رنز بنا کرنمایاں رہے، کوشل پریرا نے 17 رنز بنائے۔
واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈیئٹرز اور کراچی کنگز نے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، پشاور کو اگلے مرحلے میں رسائی کی امیدیں برقرار رکھنے کے لیے آج کے میچ میں لازمی فتح درکار ہے۔
لاہور قلندرز اگر آج کا میچ جیت گئی تو لاہور کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ اگلے مرحلے میں پہنچ جائے گی اور پشاور ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی۔
اگر پشاور آج کا میچ اچھے مارجن سے جیتی ہے اور کل اسلام آباد کراچی کنگز سے ہار جاتی ہے تو پشاور اور اسلام آباد دونوں کے پوائنٹس 10، 10 ہو جائیں گے اور بہترین رن ریٹ والی ٹیم اگلے مرحلے میں جائے گی۔














