وزیراعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی خبریں، بیرسٹر گوہر نے خاموشی توڑ دی

پیر 19 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے وزیراعظم شہباز شریف اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی خبروں کی تردید کردی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی جانب سے وزیراعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا کوئی ارادہ نہیں۔

یہ بھی پڑھیں تحریک عدم اعتماد کی خبروں پر اسپیکر قومی اسمبلی کا پی ٹی آئی کو چیلنج

انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے مجھے ایسی کوئی ہدایات جاری نہیں کیں، میڈیا پر اس حوالے سے چلنے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہاکہ اپوزیشن کے پاس تحریک عدم اعتماد کا آپشن موجود ہے، تاہم ابھی تک اس کے استعمال کے بارے میں نہیں سوچا گیا۔

دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تحریک عدم اعتماد کی خبروں پر پی ٹی آئی کو چیلنج کردیا۔

پارلیمنٹ میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر ایاز صادق نے کہاکہ سنا ہے میرے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جارہی ہے، جو دوست یہ شوق رکھتے ہیں وہ ضرور پورا کرلیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کے بہت سے اراکین تحریک لانے والوں کا ساتھ نہیں دیں گے، میں بطور اسپیکر سب کا خیال رکھتا ہوں، اور اپنے کردار سے مطمئن ہوں۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک میں یکجہتی کی فضا بنی ہوئی ہے، وطن کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والے ہمارے قومی ہیروز ہیں۔

یہ بھی پڑھیں تحریک عدم اعتماد کے وقت اسلام آباد ہائیکورٹ کیوں کھلی؟ جسٹس اطہر من اللہ نے بتا دیا

واضح رہے کہ آج یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ پاکستان تحریک انصاف وزیراعظم شہباز شریف اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر غور کررہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp