نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے دورہ چین کے دوران چینی وزیر خارجہ وانگ ژی اور افغان قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی کے ساتھ بیجنگ میں غیر رسمی ملاقات ہوئی ہے جس میں علاقائی اور معاشی تعاون پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں تینوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ علاقائی امن اور معاشی رابطہ کاری کے لیے سہ فریقی تعاون کی انتہائی اہمیت ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ساتھ کھڑے ہوں گے، چین کا اعلان
انہوں نے سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، باہمی روابط کے فروغ، تجارت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اٹھانے، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر و ترقی کو مشترکہ خوشحالی کے لیے اہم قرار دیا۔
وزرا نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹیو پر تعاون کے فروغ اور افغانستان تک اس کا دائرہ کار بڑھانے پر اتفاق کیا۔
تینوں وزرائے خارجہ نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے علاقائی امن اور استحکام بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ سہ فریقی مذاکرات کا چھٹا دور کابل میں ہوگا جس کے لیے باہمی مشاورت سے تاریخ طے کی جائے گی۔