حج 2025: منیٰ میں حجاج کو شاندار سہولیات فراہم کی جائیں گی، ڈاکٹر مرزا علی محسود

بدھ 21 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حج آپریشنز کے چیف کوآرڈینیٹر ڈاکٹر مرزا علی محسود نے کہا ہے کہ حکومت اس سال حجاج کرام کو منیٰ میں گزشتہ سالوں کے مقابلے میں بہتر سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صرف 10 لاکھ 50 ہزار روپے میں یہ حج تاریخی طور پر آرام اور خدمات کے لحاظ سے بے مثال ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے حج آپریشن 2025: 29 اپریل سے یکم جون تک جاری رہے گا

ڈائریکٹر مکہ عزیز اللہ خان اور کوآرڈینیٹر ذوالفقار خان کے ہمراہ منیٰ میں انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر محسود نے کہا کہ اس سال حجاج کو جدید ترین سہولیات میسر ہوں گی، انہوں نے کہا کہ 90 فیصد سے زائد انتظامات مکمل ہو چکے ہیں جبکہ باقی چند دنوں میں حتمی کر دیے جائیں گے۔

میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے چیف کوآرڈینیٹر نے کہا کہ حکومتی حج اسکیم زیادہ باکفایت اور آرام دہ ہے، روایتی گدوں کی جگہ صوفہ کم بستروں، جپسم بورڈ کی دیواروں اور ایئر کنڈیشنرز کے ساتھ ساتھ ایئر کولرز کا بندوبست کیا گیا ہے، انہوں نے جگہ اور آرام کو بڑھانے کے لیے بلند ریکس کے اضافے پر بھی روشنی ڈالی۔

ڈاکٹر مرزا علی محسود نے کہا کہ ہر مکتب میں ایک مخصوص باورچی خانہ موجود ہے، اسی طرح راہداریوں میں جوتے لٹکانے کے ہینگرز، ڈیپ فریزر اور ریفریجریٹرز لگائے گئے ہیں جبکہ راہداریاں قالین اور اوور ہیڈ شیڈز سے آراستہ کی گئی ہیں، مشاعر کے ایام میں رہائش گاہوں سے منیٰ روٹ پر 23 ہزار سے زائد بسیں چلائی جائیں گی۔

مزید پڑھیں: بھارت کے خلاف آپریشن ’بیان مرصوص‘ کی کامیابی پر عازمین حج کا بھی خوشی کا اظہار

چیف کوآرڈینیٹر نے بتایا کہ منیٰ میں پاکستانی حجاج کے لیے 34 مکاتب بنائے گئے ہیں، جن میں ہر ایک میں ڈاکٹر اور پیرامیڈکس موجود ہیں۔ ’ہماری انسپکشن ٹیمیں الراجحی کمپنی کی فراہم کردہ سہولیات کی باقاعدہ جانچ پڑتال کر رہی ہیں، ہر مکتب میں مخصوص کوآرڈینیٹرز مقرر ہیں جو انتظامات کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp