’سب کام شہری کریں تو آپ کیا کریں گے‘، جرم سے متعلق شہریوں سے مدد لینے پر راولپنڈی پولیس پر شدید تنقید

جمعرات 22 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں شہریوں کو مرغا بنا کر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے، تشدد کرنےوالا شخص شہریوں کے ساتھ گالم گلوج بھی کرتا رہا۔

وائرل ویڈیو کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ معروف ٹک ٹاکر فرخ کھوکھر کا ڈیرہ ہے جو شہریوں پر تشدد کے لیے استعمال ہونے لگا ہے۔ ویڈیو میں تشدد کرنے والے شخص کی شناخت عتیق بٹ کے طور پر کی گئی ہے، جو مبینہ طور پر فرخ کھوکھر کا فرنٹ مین بتایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رجب بٹ نے شہری پر تشدد کے بعد معافی مانگ لی

ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد صارفین پولیس سے کارروائی کا مطالبہ کرتے رہے۔ جس پر راولپنڈی پولیس نے سماجی رابطوں کی سائیٹ ایکس پر موقف دیتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی پولیس نے ویڈیو کی بابت فوری تحقیقات عمل میں لائیں، ویڈیو مذکورہ لوکیشن کی نہیں پائی گئی ہے، اور نہ ہی یہ واقعہ تاحال پولیس کورپورٹ کیاگیاہے۔

پولیس کا مزید کہنا تھا کہ تشدد و ناروا سلوک کسی صورت برداشت نہیں، آپ متاثرہ افراد کی رابطہ تفصیلات ہمارے ساتھ شئیر کریں تاکہ قانونی کاروائی کویقینی بنایاجائے۔

راولپنڈی پولیس کے اس موقف کے بعد شہری ان پر شدید تنقید کرتے نظر آئے۔ علی حسین نامی صارف نے لکھا کہ  اگر عوام نے ہی سب کچھ کرنا ہے تو آپ کس چیز کی تنخواہ لے رہے ہیں۔ ویڈیو میں صاف ظاہر ہے کہ ایک بدمعاش نے عدالت لگائی ہوئی ہے 2 لوگوں کے اوپر تشدد کر رہا ہے اور تمام چہرے بالکل صاف نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کو کاراوئی کرنے سے پر جلتے ہیں؟

ایک صارف نے لکھا کہ ویڈیو میں تشدد کرنے والا بندہ نظر نہیں آ رہا کیا؟ اور کیا اس کو ڈھونڈنا اتنا مشکل ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جو اس طرح مار رہا ہے وہ یقینی  طور پر مشہور شخص ہو گا۔ اور پولیس کو ویسے ہی معلوم ہو گا مگر آپ کروائی کرنا نہیں چاہتے۔

سید زادہ نامی صارف نے لکھا کہ تشدد کرنے والے لوگوں کی شکلیں صاف نظر آرہی ہیں، ان کا نام اور شناخت سب بتائی گئی ہے انہیں پکڑیں سرکار کی مدیت میں پرچہ دیں۔

لیاقت علی نے کہا کہ بڑے لوگوں کا جرم اکثر نظر نہیں آتا اس میں کوئی نئی بات نہیں ہے۔

ایک ایکس صارف نے پولیس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ یہ حال ہے پولیس کا کہ پولیس عوام سے کہہ رہی ہےکہ آپ ہمیں ریکارڈ بھیجو۔ مطلب کچھ نہیں ہونے والا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp