معروف یوٹیوبر رجب بٹ نے شہری کو سر عام تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اس سے معافی مانگ لی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
وائرل ویڈیو میں رجب بٹ کو شایان نامی نوجوان سے معافی مانگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ رجب بٹ نے کہا کہ ایک غلط فہمی کی وجہ سے معاملہ خراب ہوا، کچھ ان کی غلطی تھی اورکچھ شایان کی لیکن اب دونوں کے درمیان معاملات ٹھیک ہوچکے ہیں۔ ویڈیو میں انہوں نے نوجوان سے معافی مانگی اور کہا کہ برا لگا تو میں معذرت کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ رجب بٹ کی دو روز قبل ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں شہری کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے دیکھا گیا۔ متاثرہ شخص اپنے فیملی کے ہمراہ سفر کررہا تھا جب مبینہ طور پر رجب بٹ نے اپنی گاڑی شہری کی گاڑی کے سامنے آکر روکی اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے کے بعد متاثرہ شخص نے تھانہ ستوکتلہ میں درخواست دے دی تھی۔
اس سے قبل بھی رجب بٹ متعدد تنازعات کا شکار رہ چکے ہیں جبکہ انہیں فیملی ولاگز پر بھی اکثر تنقید کا سامنا رہتا ہے۔ چند دن قبل معروف یوٹیوبر اپنی بیوی کے ساتھ بدسلوکی کرنے پر تنقید کی زد میں آگئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ’رجب بٹ اچھے بیٹے تو ہوسکتے ہیں مگر شوہر نہیں‘، اہلیہ سے بدسلوکی کے بعد یوٹیوبر پر شدید تنقید
رجب بٹ نے اپنے یوٹیوب چینل پر مدرز ڈے کے حوالے سے ویلاگ اپلوڈ کیا جس میں وہ اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ موجود تھے۔ لیکن وی لاگ کے ایک خاص حصے نے ناظرین کو مایوس کر دیا جو کہ ان کا اپنی اہلیہ کے ساتھ توہین آمیز رویہ تھا۔ صارفین کو رجب بٹ کا یہ انداز ایک آنکھ نہ بھایا اور انہوں نے یو ٹیوبر پر تنقید شروع کر دی۔
مدرز ڈے کے موقع پر اپلوڈ کیے گئے وی لاگ میں رجب بٹ اپنی والدہ کے لیے کیک لاتے ہیں اور ساتھ کہتے ہیں کہ وہ کیک کے علاوہ کوئی تحفہ نہیں لا سکے جس پر یوٹیوبر کی والدہ کا کہنا تھا کہ ان کی بہو نے انہیں گفٹ اور کیک لا دیا تھا۔
رجب بٹ کی اہلیہ ان کو کہتی دکھائی دیں کہ ’آپ نہیں تھے تو آپ کی کمی میں نے پوری کر دی‘ جس پر یوٹیوبر کا کہنا تھا کہ ’میں نے آ جانا تھا تم صرف پوائنٹ بڑھانے کے چکروں میں ہو‘۔ ساتھ ہی انہوں نے اہلیہ سے بدسلوکی کرتے ہوئے کہا کہ ’میری ماں کے لیے کوئی میری نمائندگی نہ کرے، میرا انتظار کرنا بنتا تھا‘۔