انگلینڈ کے تجربہ کار بلے باز جو روٹ نے جمعرات کو اپنے شاندار سرخ گیند کے کیریئر ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 13000 رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
دائیں ہاتھ کے تجربہ کار بلے باز نے زمبابوے کے خلاف کھیلے جانیوالے واحد ٹیسٹ کے پہلے دن کے کھیل کے دوران ہی یہ تاریخی سنگ میل عبور کیا، جب انہوں نے 80 ویں اوور کی پہلی ڈلیوری پر وکٹر نیاچی کی گیند پر اپنا 28 واں رنز مکمل کیا۔
https://Twitter.com/ESPNcricinfo/status/1925595383666749943
جو روٹ بالآخر 44 گیندوں پر 34 رنز بنانے کے بعد 83 ویں اوور میں بلیسنگ مزاربانی کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے، تاہم، ان کی 34 رنز کی نسبتاً مختصر اننگز انہیں جنوبی افریقہ کے عظیم بلے باز جیک کیلس سے آگے جانے کے لیے کافی تھی تاکہ وہ طویل ترین فارمیٹ میں 13000 رنز کی رکاوٹ کو عبور کرنے والے تیز ترین کھلاڑی بن جائیں۔
جو روٹ نے یہ سنگ میل اپنی 153ویں اننگز میں عبور کیا، جبکہ جیک کیلس نے یہی کارنامہ 159 اننگز کھیل کر سرانجام دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ نے کرکٹ کی 147 سالہ تاریخ کا منفرد ترین ریکارڈ بنالیا
مجموعی طور پر، جو روٹ ٹیسٹ میں 13000 رنز بنانے والے تاریخ کے صرف 5ویں بلے باز ہیں، جو بھارت کے سچن ٹنڈولکر اور راہول ڈریوڈ، آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ اور جنوبی افریقہ کے جیک کیلس کے کلب میں شامل ہوگئے ہیں۔
تیز ترین 13000 ٹیسٹ رنز
-1 جو روٹ (انگلینڈ) 153 اننگز
-2 جیک کیلس (جنوبی افریقہ) 159 اننگز
-3 راہول ڈریوڈ (بھارت) 160 اننگز
-4 رکی پونٹنگ (آسٹریلیا) 162 اننگز
-5 سچن ٹنڈولکر (انڈیا) 163 اننگز
عظیم ترین بلے باز سچن ٹنڈولکر کے پاس طویل ترین فارمیٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز یعنی 15921 بنانے کا ریکارڈ ہے، جبکہ جو روٹ اس فہرست میں واحد فعال کھلاڑی ہیں اور انہیں عظیم بھارتی بلے باز پیچھے چھوڑنے کے لیے فیورٹ میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز
-1 سچن ٹنڈولکر (بھارت) 15921
-2 رکی پونٹنگ (آسٹریلیا) 13378
-3 جیک کیلس (جنوبی افریقہ) 13289
-4 راہول ڈریوڈ (بھارت) 13288
-5 جو روٹ (انگلینڈ) 13006