امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایپل کو خبردار کیا ہے کہ اگر آئی فون امریکا کی بجائے بھارت میں بنائے گئے تو پھر کمپنی پر 25 فیصد ٹیرف عائد کردیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ ٹیرف سے بچنے کے لیے ایپل نے 15 لاکھ آئی فون بھارت سے امریکا کیسے منگوائے؟
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ نے جمعے کے روز کہا ہے کہ اگر ایپل کمپنی نے اپنی حدود میں فون سیٹس نہ بنائے تو پھر انہیں امریکا لانے پر اس کو 25 فیصد ٹیرف ادا کرنا پڑے گا۔
سوشل میڈیا پر ایک میسج اور کمپنی کے شیئرز ڈاؤن
امریکی صدر نے یہ انتباہ اپنے ٹروتھ سوشل اکاؤنٹ سے جاری کیا۔ ٹرمپ کا یہ انتباہ جاری کرنا ہی تھا کہ پری مارکیٹ ٹریڈنگ میں ایپل کے حصص میں 2.5 فیصد کی کمی واقع ہوگئی۔
ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ میں نے بہت پہلے ایپل کے ٹم کک کو مطلع کیا تھا کہ میں توقع کرتا ہوں کہ ان کے آئی فونز جو امریکا میں فروخت کیے جائیں گے وہ امریکا میں بنائے جائیں گے نہ کہ بھارت یا کسی اور جگہ۔
#BREAKING: US President Donald Trump threatens fresh 25% tariffs on Apple if they do not stop manufacturing IPhones “in India or anyplace else”. pic.twitter.com/YTFmSjJmib
— Frontalforce 🇮🇳 (@FrontalForce) May 23, 2025
انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہیں ہے تو پھر ایپل کو امریکا کو کم از کم 25 فیصد کا ٹیرف ادا کرنا ہوگا۔
ایپل کی ہشیاری اور حکومت کا ٹرمپ کارڈ
چین پر ٹرمپ کی جانب سے محصولات عائد کیے جانے کے بعد ایپل نے بھارت کو آئی فون کے لیے ایک متبادل مینوفیکچرنگ بیس کے طور پر چن لیا تھا لیکن ٹرمپ نے کمپنی کی اس کوشش پر پانی پھیر دیا۔
ایپل نے اس وقت کہا تھا کہ امریکا میں فروخت ہونے والے اس کے زیادہ تر اسمارٹ فونز جون کی سہ ماہی میں ہندوستان سے آنا شروع ہو جائیں گے۔