ملکی سیکیورٹی صورت حال: حکومت نے دفاعی بجٹ میں اضافے کا فیصلہ کرلیا

ہفتہ 24 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال کی وجہ سے نئے مالی سال میں دفاعی بجٹ میں اضافہ کیا جائے گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ نئے سال کے مالی بجٹ میں عوام کو ریلیف دیں گے، ریلیف کے حوالے سے آئی ایم ایف کا کوئی دباؤ نہیں، اور آئی ایم ایف حکومت کے معاشی اقدامات اور اصلاحات سے مطمئن ہے۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان کا پہلا گرین سکوک بانڈ لانچ، معیشت کی بحالی پر وزیر خزانہ کا اظہار اطمینان

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت دیامیر بھاشا ڈیم سمیت تمام آبی منصوبے جلد مکمل کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر فنڈ جاری کرے گی تاکہ بھارت پانی سے فائدہ نہ اٹھائے۔

دوسری طرف بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) مشن نے پاکستان کا اپنا تازہ ترین دورہ مکمل کر لیا، وفد نے مالی سال 2025-26 کے لیے مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے 1.6 فیصد کا بنیادی بجٹ سرپلس ہدف مقرر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی پروپیگنڈا ناکام، آئی ایم ایف پاکستان کے اقدامات سے مطمئن

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس پیشرفت کے باوجود پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آئندہ بجٹ کے اہداف پر ابھی تک مکمل اتفاق رائے نہیں ہوسکا ہے، اور آئندہ ہفتوں میں مذاکرات جاری رہنے کی امید ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف کا وفد پاکستان کی حالیہ معاشی پیشرفت کا جائزہ لینے، 2024 کی توسیعی فنڈ سہولت (EFF) اور 2025 کی لچک اور پائیداری کی سہولت (RSF) کے تحت پیشرفت کا جائزہ لینے اور اگلے وفاقی بجٹ پر بات چیت شروع کرنے کے لیے 19 مئی کو اسلام آباد پہنچا تھا۔

آئی ایم ایف مشن کا اختتام گزشتہ روز ایک بیان کے ساتھ ہوا جس میں پاکستانی حکام کے ساتھ ’تعمیری بات چیت‘ کو اجاگر کیا گیا، تاہم وفد نے تسلیم کیا کہ بجٹ کے فریم ورک کو حتمی شکل دینے کے لیے مزید بات چیت کی ضرورت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp