وزیراعظم شہباز شریف کی ترک صدر سے ملاقات، پاک بھارت کشیدگی کے دوران حمایت پر شکریہ ادا کیا

اتوار 25 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے استنبول میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی ہے، اور حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

استنبول کے صدارتی محل میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں ترکیہ کی بھارتی جارحیت کی شدید مذمت اور پاکستان سے مکمل اظہارِ یکجہتی

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی میں حمایت پر ترک حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ دونوں قوموں کے درمیان بہت مضبوط رشتہ ہے۔

وزیراعظم نے ترکیہ کے اصولی مؤقف کو سراہتے ہوئے کہاکہ ترکیہ کی حکومت اور عوام کی جانب سے یہ حمایت پاکستان کے لیے تسکین کا باعث بنی۔

وزیراعظم نے ترک صدر سے ملاقات میں مسلح افواج پاکستان کے حوصلے، قربانی کے جذبے اور پاکستانی عوام کے جذبہ حب الوطنی کا بھی ذکر کیا، جس کا مظاہرہ معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے زور دیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان معاشی تعاون کو مزید مستحکم کرنا ہوگا۔

انہوں نے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی بات کرتے ہوئے کہاکہ قابل تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، دفاعی پیداوار، انفراسٹرکچر کی ترقی اور زراعت میں دوطرفہ تعاون کی گنجائش موجود ہے۔

ملاقات کے دوران ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے جموں و کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کی اصولی حمایت کا اعادہ کیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے غزہ کی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید بھی موجود تھے۔

بعد ازاں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف 25 سے 30 مئی 2025 کے دوران ترکیہ، ایران، آذربائیجان اور تاجکستان کا دورہ کررہے ہیں۔

اپنے 6 روزہ دورے کے دوران وزیراعظم ان ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے معاملات کے حوالہ سے تبادلہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان اور ترکیہ کا توانائی، کان کنی اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق

وزیراعظم کو بھارت کے ساتھ حالیہ بحران کے دوران دوست ممالک کی جانب سے پاکستان کی حمایت کی تعریف اور ان کے کردار کے اعتراف کا موقع بھی ملے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp