ترکیہ، پاکستان اور آذربائیجان 3 ریاستیں مگر ایک قوم ہیں: رجب طیب اردوان

بدھ 28 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ترکیہ، پاکستان اور آذربائیجان تین ریاستیں مگر ایک قوم ہیں، ہم ہر اچھے برے وقت میں آذربائیجان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

آذربائیجان کے یوم آزادی پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم آذربائیجان کے ساتھ اپنی دوستی کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں پانی 24 کروڑ عوام کی لائف لائن، ترکیہ اور آذربائیجان جیسے دوست ہونا پاکستان کی خوش قسمتی ہے، وزیراعظم

قبل ازیں ترکیہ، پاکستان اور آذربائیجان سہ فریقی کانفرنس کرتے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور دیگر کی مدبرانہ قیادت کو سراہتا ہوں، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی اطمینان کا باعث ہے، امید ہے یہ سیز فائر مستقل ہوگا۔

آذربائیجان کے شہر لاچین میں پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان سہ فریقی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی پریشان کن تھی، ہم نے اس موقع پر پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

رجب طیب اردوان نے کہاکہ ترکیہ، پاکستان اور آذربائیجان مشترکہ تہذیب اور اقدار کے حامل برادر ملک ہیں، اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات ہیں۔ ہمارا خطہ اسٹریٹجک اعتبار سے بہت اہم ہے۔

پانی 24 کروڑ عوام کی لائف لائن، ترکیہ اور آذربائیجان جیسے دوست ہونا پاکستان کی خوش قسمتی ہے، وزیراعظم

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ بھارت پاکستان کا پانی روکنا چاہتا ہے جو ہمارے 24 کروڑ عوام کی لائف لائن ہے، پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ ترکیہ اور آذربائیجان جیسے ممالک ہمارے دوست ہیں۔

آذربائیجان کے شہر لاچین میں ترکیہ، پاکستان اور آذربائیجان سہ فریقی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ ہم کانفرنس کی میزبانی پر آذربائیجان کے صدر کے مشکور ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان مشترکہ مذہب، اقدار اور ثقافت میں جڑے ہیں اور تینوں بنیادی مسائل پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان سہ فریقی کانفرنس تعاون اور دوستی کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ ہے۔

شہباز شریف نے کہاکہ بھارت نے پہلگام واقعے کی آڑ میں جارحیت کا راستہ اپنایا، حالانکہ پاکستان نے اس واقعے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے تحقیقات کی پیشکش کی تھی۔

وزیراعظم نے کہاکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پیشہ ورانہ انداز میں انتہائی قائدانہ کردار ادا کیا، ہم چاہتے ہیں کہ تمام مسائل کا بات چیت کے ذریعے حل ہو۔

یہ بھی پڑھیں ترکیہ اور آذربائیجان ہمیشہ پاکستان کا ساتھ کیوں دیتے ہیں؟

انہوں نے مزید کہاکہ بھارت ہمارا پانی روکنا چاہتا ہے لیکن یہ کبھی نہیں ہوگا۔ پانی ہمارے 24 کروڑ عوام کی لائف لائن ہے، ہم چاہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ممکن ہو۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp