صوبائی انتخابات: پشاور ہائیکورٹ نے گورنرخیبر پختونخوا کو جواب جمع کرانے کا آخری موقع دیدیا

جمعرات 4 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کی جانب سے صوبائی انتخابات کے انعقاد کے لیے دائر درخواست پر پشاور ہائیکورٹ نے صوبائی گورنر کو جواب جمع کرانے کے لیے آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 10 مئی تک ملتوی کردی ہے۔

اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کی جانب سے دائر درخواست پرجسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل پشاور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔

مشتاق غنی کے وکیل بیر سٹر گوہر خان نے عدالت کو بتایا کہ صوبہ میں انتخابات کا معاملہ انتہائی اہم ہے۔ آئین کے مطابق 90 دن میں الیکشن کرانے کا وقت گزر چکا ہے اور ابھی تک انتخابات کی تاریخ نہیں دی گئی ہے۔

بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ گورنر کے وکیل کی جانب سے آج سماعت ملتوی کرنے کے لیے درخواست جمع کرائی گئی ہے۔ انہوں نے عدالت سے کیس کی سماعت جمعہ کو مقرر کرنے کی استدعا کی۔

اس موقع پر ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے جواب جمع کرادیا گیا ہے جب کہ الیکشن کمیشن کے وکیل نے بینچ کو آگاہ کیا کہ الیکشن کمیشن کا جواب تیار ہے جلد جمع کرادیا جائے گا۔

سماعت کے دوران جسٹس اشتیاق ابراہیم نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو آخری موقع دیا گیا تھا لہذا اب دو دن کے اندر جواب جمع کرادیں۔

انہوں نے کہا کہ پرسوں ہائیکورٹ بار کا الیکشن ہے جس میں گورنر کے وکیل طارق آفریدی امیدوار ہیں لہذا کیس کی سماعت آئندہ ہفتے ہو گی۔ آئندہ سماعت کسی طور ملتوی نہ کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے عدالت نے 10 مئی تک سماعت ملتوی کردی۔

گورنر پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، مشتاق غنی

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کا کہنا تھا کہ گورنر کی جانب سے جواب نہ آنے پر ایک بار پھر سماعت ملتوی ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر کی جانب سے اس نوعیت کے تاخیری حربے متوقع تھے۔

گورنر عدالت کا وقت ضائع کررہے ہیں ان کے خلاف آرٹیکل 6 لگنا چاہیے: اسپیکر مشتاق غنی (فائل فوٹو: ایکسپریس ٹریبیون)

’گورنر عدالت کا وقت ضائع کررہے ہیں ان کے خلاف آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔ یہ کچھ بھی کرلیں عمران خان بھاری اکثریت سے حکومت میں آئیں گے۔ ہمیں عدالتوں پر اعتماد ہے۔‘

مشتاق غنی نے امید ظاہر کی کہ عدالت انتخابات کی تاریخ دے گی۔ چیف جسٹس کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے عمران خان کی کال پر ہفتہ کے دن نکلیں گے۔ انہوں نے موجودہ ملکی صورتحال کو حکومت کی نااہلی قرار دیا۔

ایک افسر نے ملک کو تباہ کر دیا ہے، اعظم سواتی

کیس کی سماعت کے دوران عدالت میں موجودہ تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی نے میڈیا سے اپنی گفتگو میں کہا کہ 22گریڈ کے ایک افسر نے ملک کو تباہ کردیا، جس کی وجہ سے عوام کے دلوں میں اداروں کے لیے نفرت پیدا ہو رہی ہے۔

لیکن ایک سزایافتہ شخص ملک سے باہر بیٹھ کر عیاشیاں اور ملک کے لوٹے ہوئے پیسوں پر عمرے کر رہا ہے۔ (فائل فوٹو: جیونیوز)

’یہ مودی کا ایجنڈا ہو سکتا ہے آپ کا نہیں ہونا چاہیے۔ آپ اپنے عہدے کااحترام کرتے ہوئے آئین و قانون کی پاسداری کریں۔ آپ محب وطن ہیں ہمیں آپ پر فخر ہے لیکن قانون کے دائرے کے اندر رہ کر۔‘

اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ وہ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں لیکن ایک سزایافتہ شخص ملک سے باہر بیٹھ کر عیاشیاں اور  ملک کے لوٹے ہوئے پیسوں پر عمرے کر رہا ہے۔ ’اس کو کوئی کچھ نہیں کہتا لیکن عمران خان کو زخمی حالت میں عدالتوں میں طلب کیا جاتا ہے۔‘

کیس کا پیس منظر

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کے لیے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی نے 10 اپریل کو پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ گورنر خیبرپختونخوا نے انتخابات کیلئے 8 اکتوبر کی تاریخ دی ہے جب کہ آئین کیمطابق اسمبلی تحلیل ہونے کے 90 دن کے اندر انتخابات کرانا لازمی ہے۔

ان کا موقف تھا کہ معاشی بحران یا سیکیورٹی کا بہانہ بناکر انتخابات ملتوی نہیں کیے جاسکتے۔

کیس میں الیکشن کمیشن، وفاقی وصوبائی حکومتیں، گورنر خیبرپختونخوا اور صدر مملکت فریق بناتے ہوئے اسپیکر مشتاق غنی نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ گورنر کو فوری الیکشن کی تاریخ دینے کا حکم دیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp