شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کے لیے وزیر خارجہ بلاول بھٹو بھارت پہنچ گئے

جمعرات 4 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شنگھائی تعاون تنظیم میں شرکت کے لیے وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھارت پہنچ گئے ہیں۔ بھارت روانگی سے قبل بلاول بھٹو نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ واضح پیغام دیتا ہے کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کو کتنی اہمیت دیتا ہے۔

https://twitter.com/Aaliyan_Marwa/status/1654051683016798208

بلاول بھٹو زرداری آج صبح  شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے کراچی سے براہ راست گوا روانہ ہوئے تھے۔

وزیر خارجہ نے بھارت روانگی کے وقت اپنے ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا جس میں ان کا کہنا ہے کہ انڈیا دورے پر توجہ صرف شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس پر مرکوز ہو گی۔

جمعرات کو بھارت جانے سے قبل انہوں نے کہا کہ میرے اس دورے کے دوران پوری توجہ صرف شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس پر مرکوز ہوگی۔

وزیر خارجہ  نے کہا ’اس دورے کے دوران میں دوست ممالک کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ تعمیری مذاکرات کے لیے پر امید ہوں۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ گوا کے دورے پر میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہا ہوں اور میرا اس اجلاس میں شرکت کا فیصلہ یہ واضح پیغام دیتا ہے کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کو کتنی اہمیت دیتا ہے اور اس کے چارٹر کے ساتھ مضبوط عزم کی نمائندگی کرتا ہے۔

مزید پڑھیں

’میں اس تنظیم کے ساتھ منسلک ممالک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات و مذاکرات کے لیے پر امید ہوں۔‘

 یادرہے کہ سن 2011 کے بعد کسی بھی پاکستانی وزیر خارجہ کا پہلا دورہ بھارت ہے۔

تحریک انصاف کی تنقید  اور تعریف

 دوسری طرف  تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورہ بھارت کی مذمت کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ’ بلاول کے گوا کے دورے کی سخت مذمت کرتا ہوں، بلاول بھٹو ویڈیو لنک پر اجلاس میں شرکت کر سکتے تھے لیکن مودی کی محبت میں ان حکمرانوں کے لیے کشمیریوں پر مظالم اور مسلمانوں اور اقلیتوں کے ساتھ ظلم کی کوئی اہمیت نہیں، مودی کو خوش کرنے کے لیے یہ حکمران ہر حد پار کرنے کو تیار ہیں۔‘

تحریک انصاف ہی کی رہنما شریں مزاری نے بھی تنقیدی ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’جیسا کہ میں نے پہلے بتایا تھا کہ امپورٹڈ وزیر خارجہ امریکہ کو اسرائیل اور انڈیا کے حوالے سے خوش کرنے کے باجوہ پلان کے ساتھ اپنی وفاداری ظاہر کرنے کے لیے گوا جانے کے لیے بے چین ہے۔

انھوں نے پھر سے افغانستان کے اجلاس کو نظرانداز کیا کیونکہ وہاں کوئی فوٹو سیشن نہیں ہونا! انڈیا کی طرف سے دوطرفہ ملاقات سے انکار کے باوجود، وہ جانے کے لیے بے چین ہیں۔

تحریک انصاف کے دیگر ارکان کے برخلاف پارٹی کے وائس چیئرمین اور سابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بلاول بھٹو کے دورہ بھارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان شنگھائی تنظیم کا ممبر ہے۔ اگر ہمیں سیاسی، معاشی اور امن و امان سے متعلق ترقی کرنی ہے تو ہمیں اس تنظیم کو اہمیت دینی ہوگی اور اس خطے کی بہتری کے لیے ہمیں اس فورم کو استعمال کرنا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp