لاہور ہائیکورٹ نے شوگر ایڈوائزری بورڈ کو چینی کی قیمتیں مقرر کرنے سے روک دیا

جمعرات 4 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ نے شوگر ایڈوائزری بورڈ کو چینی کی قیمتیں مقرر کرنے سے تاحکم ثانی روک دیا۔ ہائیکورٹ نے شوگر ایڈوائزری بورڈ کے نوٹیفکیشن پرعمل درآمد کو روکنے کے حکم میں تاحکم ثانی توسیع کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شوگر ملز مالکان کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے چینی کی قیمتیں مقرر کرنا وفاق کا اختیار ہے یا صوبوں کا اختیار ہے؟ جس پر شوگرملز مالکان کے وکیل امتیاز صدیقی نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے فیصلے کےذریعے چینی کی قیمتیں مقرر نہیں کی جا سکتیں۔

’اٹھارویں ترمیم کےبعد خوراک کے معاملات دیکھنا صوبوں کا اختیار ہے۔‘

وکیل امتیاز صدیقی نے اپنے دلائل میں کہا کہ آزاد اور خود مختار ادارے پر مشتمل اپیلٹ فورم کے بجائے دوسیکرٹریز پرمشتمل اپیل کمیٹی غیرقانونی طور پر تشکیل دی گئی ہے۔ عدالتی حکم کے برعکس ملز مالکان سے مشاورت کے بغیر چینی کے ملزریٹ 80 روپے فی کلو اور مارکیٹ ریٹ 90 روپے فی کلو کر دیے گئے ہیں۔

’عدالت شوگر ایڈوائزی بورڈ کے اس یکطرفہ فیصلے پرعمل درآمد معطل کرے۔‘

جس پر عدالت نے وفاقی حکومت اور دیگر فریقین کونوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو بھی معاونت کےلئے طلب کرلیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp