ہنڈا سوک بنی ڈونٹس کی دکان: تصویر وائرل

جمعرات 4 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کاروبار اور ملازمتوں سے متعلق ٹرینڈ بدلتے جارہے ہیں۔ ایک وقت تھا کہ کم تعلیم یافتہ افراد کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرتے نظر آتے تھے۔ لیکن اب پاکستان کے مختلف شہروں میں یونیورسٹیوں سے نکلنے والے اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد بھی کسی سڑک کنارے یا بازار میں کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرتے نظر آئیں گے۔

حال ہی میں ایک تصویر وائرل ہوئی ہے جس میں ایک مہنگی گاڑی پر ڈونٹ بیچتے نوجوان نظر آرہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر یہ تصویر وائرل ہوتے ہی اس پرصارفین کے مختلف تبصرے شروع ہو گئے۔ کچھ نے حکومت پر تنقید کی تو کچھ نے اس نوجوان پر، کسی کا کہنا تھا کہ اتنی مہنگی گاڑی رکھ کر اس پر ڈونٹ  فروخت کرنے کی بجائے کوئی اور کاروبار کر لیتے۔

عدیل حسنین نامی صارف لکھتے ہیں کہ دنیا کے مختلف ممالک میں پڑھے لکھے لوگوں کو حکومت کی سرپرستی میں مختلف کام دیے جاتے ہیں تاکہ وہ ملک کے لیے کچھ کریں لیکن پاکستان میں ایسے پڑھے لکھےلوگ سڑکوں پر بن کباب اورڈونٹ بیچ رہے ہوتے ہیں۔

ایک صارف نے ڈونٹ بیچ کر منافع حاصل کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس گاڑی کے پٹرول کی قیمت اس منافع سے کہیں زیادہ ہے جو یہ نوجوان اس منصوبے سے حاصل کرےگا۔

بشارت علی نامی صارف نے اتنی مہنگی گاڑی پرڈونٹ فروخت کرنے والے نوجوان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بس اتنا غریب ہونا چاہتا ہوں۔

جہاں کچھ لوگوں نے مہنگی گاڑی رکھ کر ڈونٹ بیچنے پر تنقید کی وہیں کچھ لوگوں نے نوجوان کے اس اقدام کو سراہا۔ نوشین اشرف نامی صارف لکھتی ہیں کہ اس میں غلط کیا ہے؟ کیا ڈونٹ بیچنے کے لیے کسی کو غریب ہونا پڑےگا؟

ایک صارف نے لکھا کہ صرف ڈونٹس ہی تو ہیں، لوگ اس کی گاڑی سے کیوں جل رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جائیں ڈونٹ خریدیں اور ان سے لطف اندوز ہوں۔

 

 کچھ لوگوں نے نوجوان کے اتنی مہنگی گاڑی میں ڈونٹس بیچنے کے عمل کو شہرت حاصل کرنے کا ایک طریقہ کہا۔ قیصر نامی صارف نے لکھا کہ کروڑوں کی گاڑی میں ڈونٹ بیچنے کا مقصد صرف سستی شہرت حاصل کرنا ہے جہاں دو تین یو ٹیوبرز نے اس کا انٹرویو لیا، یہ خود کو سٹار سمجھنے لگے گا۔

یاد رہے اس سے قبل بھی ملتان سے تعلق رکھنے والے 50 سالہ الیکٹریکل انجینئر نے بے روزگاری سے تنگ آ کر اپنی گاڑی میں بریانی کا اسٹال لگایا تھا۔ اس کے علاوہ حالات سے ستائے ہوئے اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے شخص نے گھر کی بنی ہوئی بریانی فروخت کرنے کا کاروبار شروع کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp